نیب10 کروڑ روپے بدعنوانی کے مقد مات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹا رہا ہے،قمر زمان چوہدری

حیسکو ریکوری کیس سمیت فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے بھیجے گئے بدعنوانی کے مقدمات میں رقم کی اس حد کی کوئی پابندی نہیں ، جائزہ اجلاس سے خطاب

بدھ 21 ستمبر 2016 23:19

کراچی، اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21ستمبر ۔2016ء) قومی احتساب بیورو نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب10 کروڑ روپے بدعنوانی کے مقد مات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹا رہا ہے جبکہ حیسکو ریکوری کیس سمیت فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے بھیجے گئے بدعنوانی کے مقدمات میں رقم کی اس حد کی کوئی پابندی نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کراچی کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ‘ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے نیب کی بدعنوانی سے آگہی کی مہم کے ساتھ ساتھ بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم ظاہر کیا انہوں نے انویسٹی گیشن افسران پر زور دیا کہ وہ نیب میں مقدمات کے اندراج اور تحقیقات کے دوران اعلیٰ معیار پر عمل کریں انہوں نے ایک انوسٹی گیشن آفیسر کی بجائے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ذریعے مقدمات کی تحقیقات پر زور دیا‘ انہوں نے کہاکہ نیب میں پولیس کی طرز پر انوسٹی گیشن آفیسر تبدیل کرنے کی کوئی روایت نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقد مات مقررہ مدت میں پیشہ وارانہ امانت اور دیانتداری سے نمٹائے جائیں‘ اہم مقدمات سے متعلق پیشرفت کاجائزہ لیتے ہوئے چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ ان مقدمات کو قواعد و ضوابط اور قانون کے تحت مقررہ مدت میں نمٹایا جائے انہوں نے کہا کہ نیب سارک ممالک کی کانفرنس کی آئندہ ہفتے میزبانی کررہا ہے اس کا مقصد دوسرے ممالک کے تجربات سے استفادہ کرنا ہے انہوں نے نیب کراچی کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے اسے سراہا۔