ملک کے چپے چپے کا ہرقیمت پر دفاع کرینگے ، پاک افواج درپیش تمام خطرات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں اوراس میں کسی کوکوئی شک نہیں ہونا چاہیے،پاکستان کئی عشروں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے،دہشتگردی کے خلاف ہم نے بیش بہا قربانیاں دیں،قوم کی حمایت اور سکیورٹی فورسز کی مہارت سے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا قومی انسداد دہشتگردی سنٹر کھاریاں کے دورہ پرفوجی افسروں اورجوانوں سے خطاب ، مرکزکے بنیادی ڈھانچے اور اضافی سہولتوں کا بھی افتتاح کمانڈر سٹرائیک کورلیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی کی آرمی چیف کو سنٹر کے مختلف پہلوؤں بارے بریفنگ

جمعہ 23 ستمبر 2016 18:19

ملک کے چپے چپے کا ہرقیمت پر دفاع کرینگے ، پاک افواج درپیش تمام خطرات ..

راولپنڈی/کھاریاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23ستمبر ۔2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی حمایت سے ملک کے چپے چپے کا ہر قیمت پر بھرپور دفاع کریں گے، پاک افواج درپیش تمام خطرات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں اوراس میں کسی کوکوئی شک نہیں ہونا چاہیے،پاکستان کئی عشروں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے،دہشتگردی کے خلاف ہم نے بیش بہا قربانیاں دیں،قوم کی حمایت اور سکیورٹی فورسز کی مہارت سے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے۔

جمعہ کو پاک فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قومی انسداد دہشتگردی سنٹر کھاریاں کا دورہ کیا جہاں پر آرمی چیف نے سنٹر کے بنیادی ڈھانچے اور اضافی سہولتوں کا افتتاح بھی کیا،اس موقع پر کمانڈر سٹرائیک کورلیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے چیف آف آرمی سٹاف کو سنٹر کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ قومی انسداد دہشتگردی سنٹر سکیورٹی فورسز کو انسداددہشتگردی کے حوالے سے تربیت فراہم کر رہا ہے،جس میں مسلح افواج کے 2لاکھ31ہزار جوانوں کو تربیت فراہم کی گئی، جن میں تین ہزار 483پولیس افسروں اور اہلکاروں بھی شامل ہیں ۔بریفنگ میں بتایا گیا تربیت کے علاوہ سنٹر نے 5مشترکہ مشقیں بھی کرائی ہیں،مشترکہ مشقوں میں چین،سعودی عرب،بحرین اور سری لنکا کو بھی شامل کیا گیا،مشقوں میں سری لنکا،مالدیپ اور ترکی کے دستوں کو بھی شامل تھے۔

اس موقع پر مختلف ممالک کے دفاعی اتاشی بھی موجودتھے ۔ آرمی چیف نے سنٹر میں تربیت فراہم کرنے والوں کی تعریف کی اور کہاکہ سنٹر میں دستیاب سہولتوں سے تربیت کے بہترین معیار کو برقرار رکھا گیا ہے ۔انہوں نے بریفنگ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کئی عشروں سے دہشتگردی کا شکار ہے اور اس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت اور سیکیورٹی فورسز کی مہارت سے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے ۔ فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کے دوران آرمی چیف نے کہاکہ اس میں کوئی شک وشبہ نہیں ہونا چاہئے کہ ہماری بہادر افواج کسی بھی درپیش خطرات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں اور انشا ء اﷲ پوری قوم کی حمایت سے ملک کے چپے چپے کا بھرپور دفاع کریں گی چاہے اس کے لئے کوئی بھی قیمت اداکرنی پڑے ۔