و زیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کرکے اپنے وکیل ہونے کا حق اداکیا ‘مگر یہ وکالت کشمیرکی آزادی تک بھرپورطریقے سے جاری رہنی چاہیے ‘کشمیری تاریخ کے سب سے بڑے کرفیوسے گزررہے ہیں ‘ اڑھائی سے مسلسل کرفیو نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے

امیر جماعۃ الدعوۃآ زاد کشمیر مولانا عبدالعزیز علوی کا خطبہ جمعہ

جمعہ 23 ستمبر 2016 18:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23ستمبر ۔2016ء) امیر جماعۃ الدعوۃآ زاد کشمیر مولانا عبدالعزیز علوی نے کہا ہے کہ و زیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کرکے اپنے وکیل ہونے کا حق اداکیا ہے مگر یہ وکالت کشمیرکی آزادی تک بھرپورطریقے سے جاری رہنی چاہیے کشمیری تاریخ کے سب سے بڑے کرفیوسے گزررہے ہیں اڑھائی سے مسلسل کرفیو نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے سرینگرمیں جامع مسجد کو تالالگانا مذہبی آزادی پر قدغن ہے ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز خطبہ جمعہ میں کیا انہوں نے کہاکہ سرجیکل سٹرائیکس کی دھمکیاں محض گیدڑ بھبھکیاں ہیں‘ مودی سرکار پاکستان پر حملہ کی کبھی جرأت نہیں کرے گی۔

انڈیا خود اپنی بچھائی ہوئی سازشوں کے جال میں پھنس رہا ہے۔

(جاری ہے)

بیرونی قوتیں پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے والوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔دھماکے کرنے والوں کو افغانستان میں بھارتی سفارتخانوں میں پناہ دی جاتی ہے اور زخمی دہشت گردوں کا علاج انڈیا میں ہوتا ہے۔ مسلم حکمران قرآن پاک اور سیرت رسول ؐ کی رہنمائی میں پالیسیاں ترتیب دیں‘ مسئلہ کشمیر سمیت مسلمانوں کو درپیش تمام مسائل قربانیوں و شہادتوں کا راستہ اختیار کرنے سے حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران کہاکہ پاکستان میں 50ہزار لوگ دہشت گردی کا شکار ہو چکے ہیں۔مارکیٹوں،مسجدوں ،سکولوں میں دھماکے ہوئے تو دوسری جانب ڈرون حملوں میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا۔یہ بات درست ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے تاہم امریکہ کے سامنے یہ سب باتیں کرنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ وہی ظلم و دہشت گردی پروان چڑھا رہے ہیں اور مسلمانوں کے مسائل حل کرنے میں مخلص نہیں ہیں۔

مسلمان قرآن و سنت پر عمل پیرا ہوں سب مسائل ان شاء اﷲ حل ہوجائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان نے اقوام متحدہ میں جس طرح بھارتی ظلم و بربریت کو واضح کیااس سے پہلے شاید ہی کسی نے اس طرح کھل کر بات کی ہے۔ ان کی سوچ کا بدلنا خوش آئندہے۔انہوں نے کہاکہ آج پاکستا ن خطرے میں ہے۔ انڈیا پاکستان کے خلاف جنگ کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور امریکہ ومغرب انڈیا کو شہہ دے رہے ہیں۔

انڈیا کشمیر میں جاری تحریک کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ایک کاروائی کے فوری بعد پاکستان پر الزام تراشیاں کی گئیں۔خبریں آ رہی ہیں کہ مودی نے رات وارروم میں گزاری اور پاکستا ن کے خلاف جنگ کی منصوبہ بندی کی ۔ مودی اس خطے کا سب سے بڑا دہشت گرد اورکشمیریوں کا قاتل ہے ۔کشمیر میں نوجوانوں کی آنکھیں ضائع ہوئیں مگریہ بربریت کسی کو نظر نہیں آتی۔

اسلام دشمن قوتوں کی دشمنی پاکستان کے ساتھ نہیں بلکہ اسلام کے ساتھ ہے کیونکہ پاکستان ایٹمی قوت ہے۔سعودی عرب بھی پاکستان کی ایٹمی قوت پر انحصار کرے گا اور امریکہ سے دور ہو جائے گا۔خلیج کے ممالک ،چین بھی پاکستان کے ساتھ ہوں گے۔امریکی تھنک ٹینک کہہ رہے ہیں کہ آج کا پاکستان بدلا ہوا پاکستان ہے جس نے روس کو افغانستان کی سرزمین پر شکست دی،امریکہ و نیٹو کو ناکام کیا جس کی وجہ سے انہیں افغانستان سے نکلنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ حکمران قرآن و سنت کی بنیاد پر پالیسیاں ترتیب دیں تو مدد آسمانوں سے آئے گی اور مسئلے زمین پر حل ہوں گے۔اس وقت مسئلہ صرف کشمیر کا نہیں بلکہ اسلام کا ہے۔آنے والے دنوں میں زمین پر اﷲ کے نظام کی حکمرانی ہو گی۔