زمینداروں کے مسائل کے حل اور زرعی اراضی کو سیراب کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے،سکندرحیات شیرپاؤ

ہفتہ 24 ستمبر 2016 22:21

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ زمینداروں کے مسائل کے حل اور زرعی اراضی کو سیراب کرنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے رہنماء امجد خان مہمند کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر وفد کے شرکاء نے سینئر وزیرکو علاقہ کے زمینداروں اور آبپاشی کے مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ زرعی زمینوں کو سیراب کرنے اور زمینداروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زمینداروں کے بہبود اور ان کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے اور اس سلسلے میں زمینداروں اور آبپاشی سے محروم زمینوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی تمام طبقات کی موثر انداز میں نمائندگی کر رہی ہے اور ان کے حقوق و بہبود کیلئے ہرفورم پرجدوجہد کر رہی ہے جو کسی سے پوشیدہ نہیں۔