ضرروی نہیں بھارت صرف حملہ کرے وہ چھپ کر بھی وار کرسکتا ہے، پاکستان پر پانی کی بندش اتنی آسان نہیں ہوگی،پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے،ہمیں گلی کوچوں میں بھی دہشت گردی روکنے کیلئے چوکنا رہنا ہوگا ، قوم اور تمام سیاسی قیادت دشمن کے خلاف متحد ہے لیکن اس کا اظہار عمل سے کرکے دکھانا ہوگا ، دنیا کو مثبت پیغام دینے کیلئے حکومت و اپوزیشن کواکٹھے ہونے کی ضرورت ہے ،بھارتی وزیراعظم نے جس طرح کی زبان استعمال کی ایسی کسی ملک کے سربراہ کے منہ سے نہیں سنی ، مودی کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کون خطے میں جنگ اور کون امن چاہتا ہے، بھارت کی تو بہت ساری خواہشات ہیں لیکن ضروری نہیں وہ جیسا چاہیں ویسا ہی ہو

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی میڈیا سے گفتگو

پیر 26 ستمبر 2016 20:40

ضرروی نہیں بھارت صرف حملہ کرے وہ چھپ کر بھی وار کرسکتا ہے، پاکستان پر ..

چکری(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ضرروی نہیں بھارت صرف حملہ کرے وہ کوئی بھی روپ اختیار کرسکتا ہے ،بھارتی وزیراعظم کے بیانات سے ظاہر ہوگیا خطے میں کون جنگ اور کون امن چاہتا ہے۔پیر کو چکری میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ پچھلے چند دنوں کے واقعات کے حوالے سے چند مثبت پہلو سامنے آئے ہیں، قوم اور تمام سیاسی قیادت دشمن کے خلاف متحد ہے لیکن اس کا اظہار صرف بیانات سے نہیں بلکہ عمل سے کرکے دکھانا ہوگا اور حکومت و اپوزیشن کواکٹھے ہونے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو مثبت پیغام جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دشمن کے خفیہ وار کے لیے چوکس رہنا ہوگا، ضروری نہیں کہ دشمن گولہ باری ہی کرے وہ چھپ کربھی وار کرسکتا ہے، اس کا حملہ کسی بھی شکل میں ہوسکتا ہے لہٰذا ہمیں گلی کوچوں میں بھی دہشت گردی روکنے کے لیے چوکنا رہنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ نے عالمی برادری سے نریندر مودی کے بیانات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے جس طرح کی زبان استعمال کی میں نے آج تک کسی ملک کے سربراہ کو اس طرح کی زبان استعمال کرتے نہیں دیکھا جب کہ مودی کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کون اس خطے میں جنگ اور کون امن چاہتا ہے۔

پاکستان پر پانی کی بندش سے متعلق سوال پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ یہ کام اتنا آسان نہیں ہوگا کیوں کہ دنیا کے بھی کچھ قانون اور ضابطے ہیں اور بھارت کی تو بہت ساری خواہشات ہیں لیکن ضروری نہیں وہ جیسا چاہیں ویسا ہی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے جب کہ ہمیں ہمسایہ ملک کی دھمکیوں سے بھی دنیا کو آگاہ کرنا چاہیے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے قانون پر عمل داری کی پابندی سب پر ہونی چاہیے،مسلم لیگ ن کی قیادت کو الیکشن مہم میں حصہ نہیں لینے دیا گیا،آج اندرونی سیاست کا نہیں بلکہ بیرونی دشمن کے خلاف متحد ہونے کا وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے خلاف قوم یکجا ہے،پاکستان کے بار ے میں کسی ملک کو غلط فہمی نہیں ہونے چاہیے،اپوزیشن اور حکومت مل کر اتحاد کا مظاہر ہ کرے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک میں انتخابات شفاف عمل کے ذریعے پولیس اور رینجرز کی نگرانی میں ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک چین،ترکی اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کو بھی کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔چوہدری نثار نے کہا کہ عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے کہ کون خطے میں شرارت کر نا چاہتا ہے۔