باغ سر میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی صحافیوں کو بریفنگ’پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارت کا بھی نقصان ہوا ۔ عاصم سلیم باجوہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 1 اکتوبر 2016 13:48

باغ سر میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی صحافیوں کو بریفنگ’پاکستان کی جوابی ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اکتوبر2016ء) : کنٹرول لائن پر باغ سر کے مقام پر ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ نے صحافیوں کو بریف کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے صحافیوں کو کنٹرول لائن کا دورہ کروایا۔ دورے کے دوران انہوں نے صحافیوں کو بریف کیا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاکستان نے بھر پور جوابی کارروائی کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس فائرنگ میں پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ میں بتایا کہ ہمیں یقین ہے پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارت کا بھی نقصان ہوا ہے لیکن بھارت اس کو کیوں چھپا رہا ہے اس کا جواب بھارت ہی دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ہمیں جو بھی کرنا پڑے گا ہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ہم نے وطن عزیز کا پہلے بھی دفاع کیا تھا اور اب بھی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا سرجیکل اسٹرائیکس کا دعویٰ من گھڑت ہے ، اگر کوئی بھارتی فوجی راستہ بھول کر پاکستان آ گیا ہے تو ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ لیکن پاکستان کو لیکر کوئی بھول میں نہ رہے ہم ہر طرح سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں ۔ کسی بھی دراندازی کا ایسا جواب دیں گے کہ آئندہ کوئی سوچے بھی نہ۔بھارت پاکستان کے ساتھ جنگ چھیڑنا چاہتا ہے ، جنگ کا کوئی فائدہ نہیں لیکن اگر بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو پاکستانی قوم اور فوج پہلے سے زیادہ تیار ہے۔