غیرت کے نام پر قتل کوئی غیرت نہیں ہے ، یہ ملک کو درپیش ایک اہم مسئلہ تھا ،ملک بھر میں اس قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے ، غیرت کے نام پر قتل کی روک تھام اور انسدادعصمت دری کے بل پارلیمنٹ سے منظور ہونے پر قوم ،پارلیمنٹ، غیر سرکاری تنظیموں ، سول سوسائٹی اور میڈیا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،اس قانون سازی کی منظوری کے لئے حمایت کرنے والے تمام لوگ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں ،وزیراعظم نوازشریف کا بیان

جمعرات 6 اکتوبر 2016 23:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) غیرت کے نام پر قتل اور انسدادعصمت دری کی روک تھام کے لئے بلوں کی منظوری پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کوئی غیرت نہیں ہے ، یہ ملک کو درپیش ایک اہم مسئلہ تھا ،ملک بھر میں اس قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے ۔ جمعرات کو وزیراعظم محمد نوازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کی روک تھام اور انسدادعصمت دری کے بل پارلیمنٹ سے منظور ہونے پر قوم ،پارلیمنٹ، غیر سرکاری تنظیموں ، سول سوسائٹی اور میڈیا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،اس قانون سازی کی منظوری کے لئے حمایت کرنے والے تمام لوگ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل ملک کو درپیش اہم مسئلہ تھا ، معاشرے سے اس دھبے کو ہر صورت دور کرنا حکومت کا عزم تھا ، اس سلسلے میں ہماری کوششیں کامیاب ہوئیں کیونکہ غیرت کے نام پرقتل کرنے میں کوئی غیرت نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں اس قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے ، میں خواتین کے تحفظ ، خودمختاری اورآزادی پر یقین رکھتا ہوں کیونکہ خودمختاری اور تحفظ سے ہی خواتین ملکی ترقی وخوشحالی میں مساوی کردار ادا کر سکتی ہیں ، پوری قوم بالخصوص اعتدال پسند اور ترقی پسند لوگ قانون پر کامیابی سے عمل درآمد کے لئے تعاون کریں ، ہمیں اس غیر اسلامی فعل کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لانا ہے ۔