پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، حکومت اور ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور افواج پاکستان کے قومی مسائل سمیت مسئلہ کشمیر پر ایک ہی صفحے پر ہیں

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر سیدآصف سعید کرمانی کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 7 اکتوبر 2016 23:19

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 اکتوبر- 2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر سیدآصف سعید کرمانی نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، حکومت اور ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور افواج پاکستان کے قومی مسائل سمیت مسئلہ کشمیر پر ایک ہی صفحے پر ہیں۔ جمعے کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر بلائے جانے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی جبکہ کل جماعتی کانفرنس کا بھی انعقاد کیا تاکہ مسئلہ کشمیر سمیت بھارتی جارحیت پر ارکان پارلیمنٹ کی تجاویز لی جا سکیں اور بھارت کو اپنی یکجہتی کا مضبوط اور واضح پیغام دیا جائے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی مسئلہ کشمیر کو بہت دلیری کے ساتھ پیش کیا ہے اور دنیا کو یہ باور کرایا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے جبکہ انسانی حقوق بھی سرعام پامال کر رہا ہے۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری جو کہ نیویارک کے وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورے کی ٹیم کا حصہ تھے نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کل جماعتی کانفرنس کو تفصیلی بریفنگ بھی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو عوام نے مینڈیٹ بائیکاٹ کرنے یا اسلام آباد کو بند کرنے کے لیے نہیں دیا تھا۔ ڈاکٹر آسف کرمانی نے پی ٹی آئی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ تما م معاملات کو پارلیمنٹ کے اہم فورم پرزیر بحث لائے جو کہ بہترین فورم بھی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو اسے اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔