پانامالیکس کی تحقیقات کے بعد کوئی بھی(ن)لیگ کا رہنما بچ نہیں پائے گا٬ مشیراطلاعات سندھ

جن کا کراچی جلسہ ناکام ہوا تھا٬ آج وہ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں٬ شہر بند کرنے کی باتیں وہ لوگ کرتے ہیں جنہیں عوام کی طاقت پر یقین نہیں ہوتا٬ مولابخش چانڈیو

اتوار 16 اکتوبر 2016 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ مشیربرائے اطلاعات مولا بخش چانڈیونے کہاہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے بعد تاریخی نتائج سامنے آئیں گے اور کوئی بھی(ن)لیگی رہنما بچ نہیں پائے گا۔

(جاری ہے)

اتوارکویہاں سلام شہداء ریلی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں مولا بخش چانڈیونے کہاکہ پاناما لیکس تحقیقات کے تاریخی اور بڑے نتائج سامنے آئیں گے اور تحقیقات کے بعد(ن)لیگ کا کوئی بھی رہنما بچ نہیں پائے گا٬ ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں کہ وزیراعظم نواز شریف کے دشمن ان کی پارٹی میں ہی موجود ہیں۔

انہوں نے کہامخالف سیاسی جماعتوں سے پیپلز پارٹی کی مقبولیت دیکھی نہیں جارہی٬ لاکھوں افراد کا جوش وخروش دیکھ کر مخالفین کو دن میں بھی تارے نظر آنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کا کراچی جلسہ ناکام ہوا تھا٬ آج وہ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں٬ شہر بند کرنے کی باتیں وہ لوگ کرتے ہیں جنہیں عوام کی طاقت پر یقین نہیں ہوتا۔