تاجروں کو درپیش مسائل کا واحد حل تاجر اتحاد ہے٬ صدر فیصل آباد چیمبر

پیر 17 اکتوبر 2016 22:43

فیصل آباد۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2016ء)تاجروں کو درپیش مسائل کا واحد حل تاجر اتحاد ہے اور اس مقصد کیلئے مختلف شعبوں سے وابستہ تجارتی تنظیموں کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلیٹ فارم کو مضبوط بنانا ہوگا ۔یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے پیر کے روز مختلف تجارتی تنظیموں کی طرف سے ان کے انتخاب پر انہیں ہار اور کّلے پہنانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد بنیادی طور پر صنعتی ٬ تجارتی اور کاروباری شہر ہے۔ اس نے مقامی لوگوں کی محنت سے ترقی کی منزلیں طے کیں ہیں اور آج یہ شہر ملک کیلئے 6 ارب ڈالرکا قیمتی زرمبادلہ کما رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر میں سینکڑوں ٹریڈ کی الگ الگ تنظیمیں قائم ہو چکی ہیں جو اپنے اپنے ممبران کے مفادات کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ وہ اپنی ٹریڈ سے وابستہ زیادہ سے زیادہ افراد کو چیمبرکا ممبر بنائیں تا کہ ہم آپ کے مسائل کو اعلیٰ سطح پر حل کرانے کیلئے منظم اور مربوط کوششیں کر سکیں ۔

انہوں نے مختلف تنظیموں کے ذمہ داروں سے کہا کہ وہ اپنے ٹریڈ کے متحرک اور فعال ممبران کی نشاندہی کریں تا کہ اس ٹریڈ سے متعلقہ چیمبر آف کامرس کی قائمہ کمیٹیوں کیلئے ان کو نامزد کیا جا سکے۔ سینئر نائب صدر رانا سکندر اعظم نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجروں کا منتخب ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک عام تاجر تھے مگر اپنے کام اور بھائیوں کے اعتماد کی وجہ سے آج سینئر نائب صدر کے عہدے پر فائز ہیں ۔

انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ تاجروں کے پلیٹ فارم کو مضبوط بنانے کیلئے چیمبر کی ممبرشپ لیں تا کہ حکومت اور دوسرے سرکاری اداروں سے متعلقہ مسائل کو تیزی سے حل کرایا جا سکے۔ اس تقریب میں چوہدری طلعت محمود گجر٬ رانا فیاض٬ نصیر یوسف وہرہ ٬ ندیم اللہ والا٬ ریحان نسیم بھراڑہ ٬ فاروق اللہ والا ٬ حاجی شمشاد اور دیگر تاجر لیڈروں نے بھی شرکت کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئرمحمد سعید شیخ کی قیادت میں تاجروں کے مسائل تیزی سے حل کر ے گا۔ انہوں نے رانا سکندر اعظم سمیت دیگر عہدیداروں کو بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔