اینٹی کرپشن کی سندھ کے مختلف شہروں میں کاروائیاں٬ 6 ملزمان گرفتار

پیر 17 اکتوبر 2016 22:43

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2016ء) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کی جانب سے کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم نے لاڑکانہ میں کارروائی کرتے ہوئے مختار کار آفس کے ہیڈ کلرک سکندر علی جونیجو اور کلرک امداد علی بگھیو کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

سول مجسٹر یٹ کی موجودگی میں کی گئی کاروائی کا کیس بھی ملزمان کے خلاف داخل کرلیا گیا ہے۔ گھوٹکی میں اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ایک کاروائی کرتے ہوئے ملزم محمد شریف کو گرفتار کرلیا۔ ملزم محمد شریف کے خلاف محکمہ خوراک گھوٹکی کے فوڈ سپروائیزر غلام یاسین کے ساتھ مل کر 36 لاکھ روپے کی کرپشن کا الزام ہے جبکہ فوڈ سپروائیزر غلام یاسین ضمانت پر رہا تھا۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن ٹیم اینڈڈ پٹی ڈائریکٹر عمران کی سربراہی میں ایک اور کاروائی میں قمبر شھدادکوٹ سے ایک ملزم عبدالرزاق سولنگی کو گرفتار کرلیا۔ ایک اور کاروائی میں اے ای این ہائے ویز سب ڈویژن لکھی٬ شکارپور کے آفس پر چھاپہ مار کر ریکارڈ ضبط کر لیا گیا۔ اے ای این ہائے ویز سب ڈویژن میں منصوبوں کی ایڈوانس رقم جاری کرنے کی شکایات پر چھاپا مارا گیا جبکہ کندھ کوٹ میں اینٹی کرپشن نے ایک کاروائی کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے سپروائیزر علی مراد کو کرپشن کے الزامات میں گرفتار کرلیا۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ سندھ عثمان غنی صدیقی نے کارروائیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر صورت میں صوبہ سندھ سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مرتضی وہاب صدیقی اور چیئرمین انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن سندھ غلام قادر تھیبو کی ہدایات پر کارروائیوں کا دائرہ مزید بڑھایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :