پارٹی کارکن مسلم لیگ ن کا سرمایہ ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کی منتخب نمائندوں کو مبارکباد

دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں پر پاک فوج کا مشکور ہوں، تنقید کرنے والے 2018 میں کے پی کے سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے ۔ 2018 تک بجلی کی قلت اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ پارٹی صدر کا مرکزی کونسل تقریب میں خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 اکتوبر 2016 13:52

پارٹی کارکن مسلم لیگ ن کا سرمایہ ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کی منتخب نمائندوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 اکتوبر 2016ء) : مسلم لیگ ن کے پارٹی الیکشن آج ہوئے جن میں نواز شریف بلا مقابلہ ہی پارٹی صدر منتخب ہو گئے۔ صدر منتخب ہونے پر پارٹی کے بلا مقابلہ منتخب ہوئے صدر نواز شریف نے پارٹی کے مرکزی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن مسلم لیگ ن کا سرمایہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن پارٹی عہدیداروں سے بھی اوپر ہوتے ہیں۔کارکن مجھے 20، 30 سال سے پارٹی کا صدر منتخب کرتے آ رہے ہیں۔ کارکنوں کی اس درجہ محبت میرے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے کا اعزاز بھی کارکنوں نے ہی دیا ہے۔ میری ہمیشہ سے خواہش رہی ہے کہ میں اپنے کارکنوں کی امیدوں پر پورا اتر سکوں۔

(جاری ہے)

میں کارکنوں کی امیدیں پوری کرنے کے مزید جستجو کروں گا۔مرکزی کونسل کی تقریب سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ 2013اور2016میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں یوں لگتا تھا کہ پاکستان کا دیوالیہ ہونے والا ہے۔ پاکستان دہشتگردی کا شکار تھا اور یوں محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان تباہی کے دہانے پر آ گیا ہے۔2013میں زر مبادلہ کے ذخائر بھی تین ارب ڈالر تھے۔

جبکہ آج زر مبادلہ کے ذخائز 24ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم قوم کی ایک ایک پائی کو امانت سمجھ کر خرچ کر رہے ہیں، لیکن افسوس کہ کچھ ڈگڈگی بجانے والے لوگ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہو قوم میں کوئی ڈگڈگی بجانے والا آجاتا ہے۔ کوئی ایک جاتا ہے تو دوسرا آ کر اس کی جگہ لے لیتا ہے۔

لیکن ہم ان ڈگڈگی بجانے والوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آپ کو ایک جلسے کرنے کے لئے منتیں کرنا پڑتی ہیں تاکہ لوگ آ جائیں۔ کے پی کے والے دیکھ رہے ہیں کہ جس نئے پاکستان والے کو ووٹ دیا تھا وہ کہاں ہیں۔ اب لوگ آپ کے جلسوں میں آنے والے نہیں ہیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے مخالفین کی لغو باتوں کا جواب دینے کی بجائے خاموشی اختیار کر لی۔

ا نہوں نے کہا کہ کے پی کے میں حکومت کسی اور کی ہے اور موٹر وے ہم بنا رہے ہیں، لگتا ہے کہ یہ لوگ 2018میں کے پی کے سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ یہ ڈگڈگی بجانے والے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں کیونکہ اگر ان لوگوں نے کوئی کام کیا ہوتا تو لوگ ان کے بھی معترف ہوتے۔ تقریب سے خطاب میں پارٹی صدر نے کہا کہ پاکستان بدل رہا ہے اور یہ اسحاق ڈار ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کہہ رہی ہے۔

دنیا اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستان ترقی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ2018کے آخر تک بجلی کی قلت اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے۔ ہماری حکومت آئی تو بجلی کی فی یونٹ قیمت 18روپے سے10روپے ہو گئی ۔بجلی کی کمی دور کرنے کا وعدہ کر کے یہ سوچتا تھا کہ آخر ایسا کیسے ممکن ہو گا لیکن آج ملک بھر میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں، بجلی کارخانے کے لیے رقم نہیں تھی ، ایک کارخانے پر ایک ارب ڈالر خرچ ہونا تھا ۔

انہوں نے چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین نے بجلی کے کارخانوں میں سرمایہ کاری کا وعدہ کیا جس پر ہم چین کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018تک سسٹم میں دس ہزارمیگا واٹ اضافی بجلی پیدا ہو جائے گی، 2018 بجلی کی فی یونٹ قیمت سات سے آٹھ روپے تک گر جائے گی، پاکستانی کوئلہ استعمال ہوا تو4سے5روپے فی یونٹ تک بھی آجائے گی ۔2018کے بعد تیس ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو گی اور 2018کے بعد کون آئے گا یہ اللہ جانتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی ایمانداری کے سبب بجلی کے کارخانوں میں سو ارب روپے کی بچت کی ہے۔ پاکستان کا شمار ان پانچ ممالک میں ہوتا ہے جن کا اسٹاک ایکسچینج عروج پر ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں پر انہوں نے اپنے خطاب میں پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔