چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت

منگل 18 اکتوبر 2016 23:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2016ء) وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے پاکستان بزنس کونسل یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے یہ دعوت منگل کو یہاں پاکستان بزنس کونسل یو اے ای کے صدر احمد شیخانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گیارہ رکنی وفد کے ہمراہ سرمایہ کاری بورڈ کا دورہ کیا اور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ اظہر علی چوہدری سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے پاکستان میں آٹو موبل فوڈ پروسیسنگ‘ توانائی‘ بجلی‘ تیل و گیس‘ ڈیری مصنوعات اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے وفد کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

احمد شیخانی نے بتایا کہ پاکستان بزنس کونسل دبئی کا 2004ء میں دبئی چیمبر آف کامرس کی سرپرستی میں قیام عمل میں لایا گیا تھا اور اس کا بنیادی مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بزنس کونسل رواں سال دسمبر میں دبئی میں ایک سیمینار اور نمائش کے انعقاد کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کو اس میں شرکت کی دعوت دی۔ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین نے دبئی میں ہونے والی اس نمائش میں شرکت کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :