پاناما اور بہاماس لیکس کی معلومات کے لئے دفتر خارجہ کے ذریعے 9ممالک سے رابطہ کیاجائے اور معلومات حاصل کرنے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں٬وزیر خزانہ اسحا ق ڈا ر کی ایف بی آر کو ہدایت

پاکستان میں 600 کمپنیوں سے 155افراد کا ڈیٹا چیک کیا جا رہا ہے٬چیئر مین ایف بی آر نثار محمد خان

منگل 18 اکتوبر 2016 23:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2016ء) وفا قی وزیر خزانہ اسحا ق ڈا ر نے ایف بی آر کو ہدایت دی ہے کہ پاناما اور بہاماس لیکس کی معلومات کے لئے دفتر خارجہ کے ذریعے 9ممالک سے رابطہ کیاجائے اور معلومات حاصل کرنے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں ٬ چیئر مین ایف بی آر نثار محمد خان نے کہاہے کہ پاکستان میں 600 کمپنیوں سے 155افراد کا ڈیٹا چیک کیا جا رہا ہے ۔

منگل کو اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاناما اور بہاماس لیکس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ایف بی آر ٬ اسٹیٹ بنک اور سیکیورٹی ایکسچینج کمشن کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیر خرانہ نے ایف بی آر کو ہدایت دی اور کہا کہ پاناما اور بہاماس لیکس سے متعلق معلو مات حاصل کرنے کے لئے 9ممالک سے رابطہ کیا جائے اور ٹیکس چوروں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

(جاری ہے)

ان سکینڈلز میں ملوث افراد سے متعلق مزید معلو مات حاصل کرنے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ان ٹیکس چوروں کے بنک اکا ئو نٹس کا سراغ لگایا جائے اور ان کے اثاثہ جات اور سرمایہ کاری سے متعلق شواہد حاصل کی جائیں ۔ چیئر مین ایف بی آر نے کہا کہ پاکستان میں600کمپنیوں سے 155افراد کا ڈیٹا چیک کیا جا رہا ہے ۔ جبکہ بہاماس لیکس میں 150پاکستانی ملوث ہیں ۔بہاماس میں ملوث 110افراد کا سراغ لگایا گیا ہے جبکہ 40افرادکو تلاش کیا جا رہا ہے اور مجموعی طور پر 133افراد نے بھیجے گئے نوٹسز کا جواب دیا ہے ۔ نثار محمد خان نے کہا کہ جو افراد ہمارے خطوط کا جواب نہیں دیتے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔