اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں حقائق معلوم کرنے کا مشن جلد سے جلد بھجوائے٬برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا سیمینار سے خطاب

بدھ 19 اکتوبر 2016 23:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2016ء) برطانیہ کے ارکان پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں حقائق معلوم کرنے کا مشن جلد سے جلد بھجوائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر ایک مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرے گا۔

سیمینار میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا ایک وفد بھی زمینی حقائق کا جائزہ لینے کیلئے بھجوانے کی تجویز دی گئی۔ سیمینار کا انتظام پاکستان سے متعلق کل جماعتی پارلیمانی گروپ نے کیا تھا٬ جس میں وزیراعظم کے کشمیر کے بارے میں خصوصی ایلچیوں لیفٹیننٹ جنرل (ر) سینیٹر عبدالقیوم اور رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار کی صدارت ممبر پارلیمنٹ رحمان چشتی نے کی اور اس میں لارڈ نذیر احمد٬ ممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی٬ ممبر پارلیمنٹ نصرت غنی٬ ممبر پارلیمنٹ ڈیوڈ نوٹال٬ ممبر پارلیمنٹ لِز میلنینز٬ ممبر پارلیمنٹ کیٹ ہولرن٬ ممبر پارلیمنٹ تسنیمہ احمد شیخ٬ ممبر پارلیمنٹ عمران حسین٬ ممبر پارلیمنٹ خالد محمود اور ممبر پارلیمنٹ گراہم جونز نے شرکت کی۔

اس موقع پر برطانیہ کے لارڈز اور ارکان پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تجویز پیش کی کہ کشمیر سے مکمل فوجی انخلاء ہونا چاہیے اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے بھارت کی سیکورٹی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں استصواب رائے کیلئے اپنے ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے برطانیہ پر بھی زور دیا کہ وہ خطے اور دنیا میں امن اور سلامتی کے وسیع تر مفاد میں تنازعہ کشمیر کے جلد حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ قیصر احمد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ وادی میں طویل عرصہ سے جاری کرفیو کا ذکر کیا جس کی وجہ سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔

پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے اس موقع پر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حقائق جاننے کیلئے مشن بھجوانے کے معاملے پر اتفاق رائے بہت حوصلہ افزاء ہے٬ پاکستان آزا د جموں و کشمیر کیلئے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے اس طرح کے وفد کا بھرپور خیرمقدم کرے گا٬ پاکستان کا ہمیشہ سے یہ اصولی موقف ہے کہ تنازعہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔