قائم مقام سپیکر کا قومی اسمبلی اور سینٹ سیکرٹریٹ ملازمین کو ایف ای سی ایچ ایس سے پلاٹوں کا قبضہ نہ ملنے پر اظہارناراضگی

بدھ 19 اکتوبر 2016 23:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2016ء) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے وفاقی ملازمین کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (ایف ای سی ایچ ایس) کی طرف سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین کو پلاٹوں کا قبضہ دینے میں تاخیری حربوں کے استعمال پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایف ای سی ایچ ایس کو 226 پلاٹوں کا قبضہ 27 اکتوبر 2016 سے قبل سنیارٹی لسٹ کے مطابق دینے کی ہدایت کی ۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوس اینڈ لائبریری کا اجلاس بدھ کے روز قائم مقام سپیکر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میںمنعقد ہوا۔ ایف ای سی ایچ ایس کے صدرنے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ 226 ملازمین جنہوں نے پلاٹ کی مکمل ادائیگی کر دی ہے کو جون 2016سے قبل پلاٹوں کا قبضہ دے دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ایف ای سی ایچ ایس کی انتظامیہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھی اس حوالے سے یقین دہانی کرائی تھی۔

قائم مقام اسپیکر نے کہا کہ ایف ای سی ایچ ایس انتظامیہ نے اپنی کارکردگی سے کمیٹی کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے مسلسل سست رویے سے کمیٹی کو اسمبلی ملازمین کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہی. انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ 1988 سے لٹک رہا ہے اورملازمین کی جانب سے اپنی کل بچت جمع کرائے جانے کے باجود ان کو پلاٹوں کا قبضہ نہیں ملا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی ملازمین کو ان کی زندگی بھر کی بچت سے محروم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔قائم مقام اسپیکر نے FECHS کے صدر کو دیئے گئے وقت کے اندر کمیٹی کی ہدایات کے مطابق ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لئے کہا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایات پر عمل درآمد میں ناکامی کی صورت میں نیب اور ICT انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کو FECHS کے صدر کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز کی دیکھ بھال پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) کی مایوس کن کارکردگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے ان عمارات میں صفائی اور دیکھ بھال کے حوالے سے سی ڈی اے کی کوتاہیوں کی نشاندہی کی۔ کمیٹی ارکان نے ممبران پارلیمنٹ کے لئے 104 فیملی سویٹس او ر سرونٹ کواٹرز کی تعمیر میں تاخیر کے پر بھی برہمی کا اظہارکیا۔

کمیٹی نے اسلام آباد بلدیہ عظمیٰ کے میئر / چیئرمین سی ڈی اے انصر عزیز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز سے متعلق کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ کمیٹی نے انصر عزیز کو پارلیمنٹ لاجز سے متعلق امور میں خصوصی دلچسپی لینے کی ہدایت کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ عوام کے منتخب نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ادارے کو بیوروکریٹک تاخیری حربوں کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔

انصر عزیز نے قائمہ کمیٹی کی ہدایت پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے اور کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اس معاملے پر مفصل رپورٹ پیش کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔اجلاس میں ارکین قومی اسمبلی ملک ابرا ر احمد٬ میاں محمود رشید٬ چوہدری جعفر اقبال٬ مخدوم باسط بخاری٬ ڈاکٹر عباد اللہ٬ ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو٬ مسز شاہدہ رحمانی٬ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ٬ آئی سی ٹی اور CADD انتظامیہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :