فٹبال ورلڈ کپ کے آئندہ ماہ ہونیوالے کوالیفائنگ میچ میں شائقین کے نعرے لگانے پر پابندی عائد

شائقین سفید٬ کالے٬ یا گرے رنگ کے کپڑے پہنیں٬ فٹبال ایسوسی ایشنز کی شائقین کو تجویز

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 12:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2016ء) تھائی لینڈ اور آسٹریلیا میں حکام نے فٹبال ورلڈ کپ کے آئندہ ماہ ہونے والے کوالیفائنگ میچ میں شائقین کی جانب سے نعرے لگانے پر پابندی لگا دی ۔ پابندی کی وجہ اسی ماہ تھائی لینڈ کے بادشاہ پومی پون کی وفات ہے۔ دونوں ممالک کی فٹبال ایسوسی ایشنز نے شائقین کو تجویز بھی کی ہے وہ سفید٬ کالے٬ یا گرے رنگ کے کپڑے پہنیں۔

تھائی لینڈ میں عوام ایک سال کا قومی سوگ منا رہے ہیں۔ اس سال ملک کے 88 سالہ بادشاہ پومی پون انتقال کر گئے تھے۔ پومی پون 70 برس تک تھائی لینڈ کے بادشاہ رہے تھے۔ تھائی لینڈ کے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ روزمرہ طور پر بھی کالے کپڑے پہنیں اور جشن منانے سے پرہیز کریں۔ تھائی لینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن نے 15 نومبر کو متوقع اس میچ کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی تاہم آسٹریلوی حکام نے اس میچ کو مقررہ تاریخ پر ہی منعقد کرنے کے لیے کہا۔

(جاری ہے)

فٹبال اسوسی ایشن کی ویب سائٹ پر جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس موقعے پر بینر٬ جھنڈے٬ اور میگا فون ممنوع ہوں گے اور سٹیڈیم سمیت آس پاس کے علاقوں میں جشن کی اجازت نہیں ہوگی۔ تھائی لینڈ کے بادشاہ پومی پون دنیا میں طویل ترین عرصے تک بادشاہ رہنے والے فرماں روا تھے جنہوں نے اپنے ستر سال دورہ اقتدار میں بہت سے سیاسی بحرانوں سے ملک کو نکالا۔ تھائی لینڈ میں سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ولی عہد چاہتے ہیں کہ ان کی تاج پوشی کی تقریب کم از کم ایک سال کی تاخیر سے کی جائے۔ خیال رہے کہ بادشاہ پومی پون کے جانشین 64 سالہ ولی عہد شہزادہ کو عوام میں وہ پذیرائی حاصل نہیں جو ان کے والد کو تھی۔

متعلقہ عنوان :