حکومت کی جانب سے نئے آرمی چیف کا اعلان آئندہ ایک ہفتے میں متوقع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 22 اکتوبر 2016 13:29

حکومت کی جانب سے نئے آرمی چیف کا اعلان آئندہ ایک ہفتے میں متوقع

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 اکتوبر 2016ء): آرمی چیف جنرل راحیل شریف آئندہ ماہ ریٹائر ہو رہے ہیں۔ جس کے پیش نظر حکومت کی جانب سے نئے آرمی چیف کے نام کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نے نئے آرمی چیف کے لیے ابھی کسی نام کا حتمی فیصلہ تو نہیں کیا البتہ نئے آرمی چیف کے لیے نام سے متعلق آئندہ ہفتے تک فیصلہ کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ نئے آرمی چیف کے نام کا اعلان آئندہ ایک ہفتے یا دس دن میں کر دیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بیرون ملک سے فنڈنگ ملتی ہے جبکہ 2014ء میں بھی ان کے دھرنے کو مبینہ طور پر امریکہ اور بھارتی لابی سے فنڈنگ حاصل ہوئی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے اسلام آباد دھرنے کے لیے کالعدم تنظیموں سے بھی مدد طلب کی ہے۔