لاہور ٬بیگم نصرت بھٹو شہید کی پانچویں برسی ٬پیپلز پارٹی کے زیراہتمام گرین ٹاؤن میں تقریب

اتوار 23 اکتوبر 2016 19:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2016ء) مادر جمہوریت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید رہنما بیگم نصرت بھٹو شہید کی پانچویں برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے زیراہتمام گرین ٹاؤن میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی لا ہور کے راہنما فیصل میر نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو شہید نے اپنی زندگی میں سیاسی جدوجہد کی اورانہوں نے پیپلز پارٹی کے اہم راہنماؤں کی سیاسی بے وفائی کے زخم کھا ئے اور ان کی وفات کے بعد آج پیپلز پارٹی کے وہ اہم راہنما جو جنرل ضیاء الحق کے خلاف بیگم نصرت بھٹو شہید کی جدوجہد میں شریک نہیں تھے بیگم صاحبہ کو ماضی کا قصہ قرار دے کر آج انہیں خراج تحسین پیش نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ بے شک پیپلزپارٹی کے بعض راہنما آج شہرت کے نشے میں اس قدر مخمور ہیں کہ اس بات کا دعوی کر رہے ہیں کے "بیگم نصرت بھٹو شہید عہد ماضی ہیں یہ ہمارا دور ہی" مگر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن مادر جمہوریت کی جدوجہد سے بخوبی واقف ہیں اور آمرانہ دور میں مظالم کا مردانہ وار مقابلہ کرنے پر انہیںبھرپور خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

فیصل میر نے کہا کہ اگر بیگم نصرت بھٹو جنرل ضیاء الحق کے خلاف کھڑی نہ ہوتیں تو وہ پیپلز پارٹی کا وجود مٹا دیتا اور آج کے وہ لیڈر جو مارش لا ء کے خلاف جدوجہد میں شریک سفر نہ تھے گمنامی کی زندگی گذار رہے ہوتے۔ عبدالقادرشاہین نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو شہید کی تربیت نے بے نظیر بھٹو شہید کو ایک بین الاقوامی رہنما بنانے میں بنیادی کردا ر ادا کیا بیگم صاحبہ کی تربیت کی بدولت جیل اور نظر بندی بھی بے نظیر شہید کے حوصلے پست نہ کر سکی جس کی وجہ سے بے نظیر عوام کو معاشی ‘انسانی سماجی حقوق دولانے کے لئے جدوجہد کرتی رہیں اور آمر کا خاتمہ کیا آمریت کے دور میں بھی انہوں نے مادر جمہوریت کی روائت کو برقراررکھا ۔

اس موقع پر ڈاکٹر ضرار نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے بیگم نصرت بھٹو کی سیکرٹری کے طور پر وہ تمام خطوط ٹائپ کئے جو کہ بیگم صاحبہ نے شہید بھٹو کے مقدمے کے دوران بین الاقوامی لیڈروں کو لکے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان بیگم نصرت بھٹو کے عزم و استقلال کے پیکر جرات مندانہ لیڈر کے طور پر یاد رکھیں گے ۔اس موقع پر عاقب سرور اور شہزاد شفیع نے بھی خطاب کیا اور بیگم نصرت بھٹو شہید کو بھرپور خراج عقیدت بھی پیش کیا جئے بھٹو ‘جئے بے نظیر شہید صدا جئے کے نعر ے بھی لگائے گئے اور آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے حق میں بھی بھرپور نعرے بازی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :