جیکب آباد میںبیگم نصرت بھٹو کی 5 ویں برسی پر پیپلز پارٹی اور پی پی شہید بھٹو کے الگ الگ اجتماعات

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:10

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2016ء) جیکب آباد میں بیگم نصرت بھٹو کی برسی منائی گئی٬ پیپلز پارٹی اور پی پی شہید بھٹو کی جانب سے الگ الگ اجتماعات منعقد کئے گئے٬ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پیپلز پارٹی شہید بھٹوکی جانب سے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 5برسی ضلع جیکب آباد کے تینوں اضلاع ٹھل ٬گڑہی خیرو اور جیکب آباد میں عقیدت و احترام سے منائی گئی٬ اس موقع پر ضلع دفتر میں تقریب ہوئی ٬قرآن خوانی کے بعد لنگر تقسیم کیا گیا٬ تعزیتی اجتماع سے ضلع صدر ندیم قریشی٬ جان محمد جعفری٬ حاجی احمد کھوسو٬ عباس رند٬ نور محمد منجھو ٬ مظہر ابڑو٬ عبدالقدوس شاہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لیے بیگم نصرت بھٹو کی قربانیاں قابل تحسین ہیں٬انہوں نے اذیتیں برداشت کیں پر بھٹو خاندان سے محبت رکھنے والوں کو اکیلا نہیں چھوڑا٬ زرداری نے ایک دہائی سے زیادہ انہیں قید میں رکھا ٬اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے جلد ظالموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گی٬ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام پی پی سیکریٹریٹ میں بیگم نصرت بھٹو کی برسی منائی گئی جس میں صدیق لوہر٬ رفیق ویسر٬ نادر جمالی اور دیگر نے شرکت کی٬ تقریب میں قرآن خوانی کے بعد لنگر تقسیم کیا گیا اور رہنماؤں نے خطاب میں بیگم نصرت بھٹو کو خراج تحسین پیش کیا۔