Live Updates

عمران خان نے دس لاکھ بندے اکٹھے کر لیے تو حکومت کر لیں۔ صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 26 اکتوبر 2016 14:05

عمران خان نے دس لاکھ بندے اکٹھے کر لیے تو حکومت کر لیں۔ صوبائی وزیر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 اکتوبر 2016ء) : پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات روکنے میں کوتاہیوں کو بھی دیکھنا چاہئیے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ نہ صرف ہمیں لڑی ہے بلکہ جیتنی بھی ہے۔اگر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کوتاہی کی تو اس کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کی کڑیاں سرحد پار افغانستان سے جا کر ملتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک ہی دہشتگردوں کے پیچھے کھڑا ہے۔ لیکن دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شکست کا کوئی آپشن نہیں ہے۔ہمسایہ ملک دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ افغانستان کا رویہ بھی ہمارے ساتھ بھائیوں والا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل میڈیا سے پی ٹی آئی کے دھرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں محض پرامن دھرنے کی اجازت ملے گی۔

اگر پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنماؤں نے ریڈ زون کی جانب پیش قدمی کی تو فوج انہیں روکے گی۔ انہوں نے کہا اسلام آباد میں موجود سکیورٹی اہلکار حساس علاقہ جات کا بھرپورتحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بد بخت اور جھوٹے ہیں ، انہیں اسلام آباد پر چڑھائی نہیں کرنے دیں گے ۔ یہ بھول جائیں کہ انہیں اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا جمہوری حق ہے لیکن گالم گلوچ نہیں۔ پی ٹی آئی کا احتجاج گالم گلوچ سے ہی شروع ہوتا ہے ۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جہاں بھی کہا انہیں وہاں احتجاج کی اجازت دی ، جلسے کی تفصیلات بیٹھ کر طے کیں۔ لیکن اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ آج تک پی ٹی آئی نے معاملہ طے نہیں کیا ۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد بند کرنے کا مطلب پاکستان کو بند کر دینا ہے۔

عمران خان کا مقصد سی پیک کو ناکام کرنا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر عمران خان اسلام آباد دھرنے میں دس لاکھ افراد لانے میں کامیاب ہو گئے تو حکومت کر لیں اور اگر دو لاکھ افراد بھی نہ لا سکے تو انہیں چاہئیے کہ شرم کریں اور گھر میں بیٹھ جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے دھرنے میں طاہر القادری خود شرکت نہیں کریں گے البتہ عین ممکن ہے کہ طاہر القادری اپنے بندوں کو بھیج دیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات