عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنا مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے٬ڈپٹی کمشنر خضدار

اتوار 30 اکتوبر 2016 22:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء)ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمان بلوچ نے کہا کہ عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنا مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے‘ لیویز فورس کے افسران اور اہلکار دیر پا امن کو یقینی بنانے کے اپنے آپ کو وقف کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن و امان سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر خضدار نے کہا کہ ضلع بھر میں عوام نے لیویز فورس پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ نہ صرف اہلکاران بلکہ لیویز افسران کے لیئے بھی بہت بڑا اعزاز ہے‘ بلاشبہ اس اعزاز کو حاصل کرنے کے لیئے لیویز فورس نے جانی و مالی قربا نیاں دیں ہیں اب اس اعزاز کو برقرار رکھنے اور دیر پا امن کو یقینی بنانے کے لیئے مزید انتھک محنت کی ضرورت ہے انہوں نے قومی شاہراہ پر سفر کرنے والی ہر قسم کی گاڑیوں کی چیکنگ کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر لیویز اہلکار اور افسران پر زوردیتے ہوئے کہا کہ لیویز چوکی انچارجوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ منشیات کی روک تھام سمیت کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کوئی بھی شرپسند خضدار کے حدود سے گزرنے کی جرات نہ کرے ۔ انہوں نے تمام علاقائی افسران کو ہدایت کہ عدالتوں سے مفرور ملزمان کی گرفتاریوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ انہیں ان کے کیئے کی سزا قانون کے مطابق ملے اور مظلوموں کی داد رسی ہو۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی فورس کے لیئے لازمی ہوتا ہے کہ وہ اپنے علاقے کے شریف اور قانون کا احترام کرنے والے شہریوں سے قریبی روابط رکھیں تاکہ بوقت ضرورت ان کا تعاون حاصل کیا جا سکے۔ انہوں عوام الناس سے کہا کہ آج جس پیمانے پر عوام نے لیویز فورس پر اعتماد کیا ہے ہم اس اعتماد کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیئے ہر ممکن اقدامات کریں گے کیوں کہ عوامی مفادات ہی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات ہیں۔