پیپلز پارٹی رہنما شرمیلا فاروقی نے کراچی کی ایک سڑک کو اپنے والد کے نام سے منسوب کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 4 نومبر 2016 13:35

پیپلز پارٹی رہنما شرمیلا فاروقی نے کراچی کی ایک سڑک کو  اپنے والد کے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 نومبر 2016ء) : پیپلز پارٹی رہنما شرمیلا فاروقی نے کراچی میں موجود معروف ٹی وی پروڈیوسر شہزاد خلیل کے نام سے منسوب سڑک کو اپنے والد کے نام سے منسوب کردیا۔ شرمیلا فاروقی کے اس اقدام پر مختلف شعبہ ہائے زندگی کی جانب سے احتجاج بھی کیاگیاہے۔ تفصیلات کے مطابق 28 نومبر 1991ء کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ممتاز پروڈیوسر شہزاد خلیل کی دوسری برسی کے موقع پر بلدیہ شرقی کراچی نے پی ٹی وی مرکز سے متصل سڑک کو ان کے نام سے منسوب کر دیا تھا ۔

(جاری ہے)

گذشتہ دنوں سابق صوبائی وزیر شرمیلا فاروقی نے اس سڑک کی استر کاری کروائی اور خاموشی سے نام تبدیل کرکے’فاروقی ایونیو‘ رکھ دیا۔ تاہم اس پر احتجاج کرتے ہوئے آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ نے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کا پرانا نام بحال کیا جائے۔ دوسری جانب صحافی ڈاکٹر توصیف احمد خان نے بھی اسے غیر اخلاقی فعل قرار دیاہے۔ جبکہ دیگر ادبی اور سماجی حلقوں نے بھی شرمیلا فاروقی کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے سڑک کو دوبارہ شہزاد خلیل کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔