مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے ’’ یورپی یونین ویک‘‘ کا آغاز ہوگیا

سیمینار‘ مباحثوں اور اہم شخصیات سے ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا٬ میڈیا کوآرڈینیٹر کشمیر کونسل یورپی یونین سردار صادق خان

پیر 7 نومبر 2016 18:50

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) یورپی یونین کے رکن ممالک سمیت دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے کشمیر کونسل یورپی یونین کے زیر اہتمام ’’ یورپی یونین ویک‘‘ کا آغاز ہوگیا۔ کشمیر کونسل یورپی یونین کے میڈیا کوآرڈینیٹر سردار صادق خان نے پیر کو بتایا کہ کشمیر کونسل یورپی یونین ویک کے دوران سیمینار‘ مباحثوں اور اہم شخصیات سے ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو برسلز مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہفتہ منانے کا مقصد مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کئی ماہ سے پیلٹ گنوں کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے٬ کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے اور خواتین کی عصمتیں پامال کی جارہی ہیں۔

سردار صادق خان نے کہا کہ کشمیر کونسل یورپی یونین کے زیر اہتمام سیمینار کا مقصد یورپی اداروں اور ایوانوں کو اس بات سے آگاہ کرنا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یورپی ممالک کے بھارت کے ساتھ اقتصادی مفادات وابستہ ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہیں کشمیر میں لوگوں پر بھارتی مظالم کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے کیونکہ کشمیری عوام بھی کوسوو‘ مشرقی تیمور اور سوڈان کے عوام کی طرح انسان ہیں٬ اسلئے یورپی یونین کو کشمیر کی صورتحال کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری خاص طور پر یورپی یونین کو کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے۔ سردار صادق خان نے کہا کہ کشمیر کونسل یورپی یونین کے زیر اہتمام تقریبات کا بنیادی مقصد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہے۔ اس بارے میں یورپی یونین میں سیمینار ہونگے اور توقع ہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا دورہ برسلز کامیاب رہے گا۔