واٹر بورڈ کے محنت کشوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی کا سلسلہ بند کیا جائے ٬خرم شیر زمان

انتظامیہ اور واٹر بورڈ افسران ادارے کو بادشاہت کی طرح نہیں بلکہ خدمت گار کی حیثیت سے چلائیں

پیر 7 نومبر 2016 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے سینئر نائب صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ واٹر بورڈ کے محنت کشوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی کا سلسلہ بند کیا جائے ۔انتظامیہ اور واٹر بورڈ افسران ادارے کو بادشاہت کی طرح نہیں بلکہ خدمت گار کی حیثیت سے چلائیں ۔ادارے میں کرپٹ افسران اور نام نہاد مزدور رہنما جو کہ ادار ے میں نوکری کے ساتھ ساتھ ٹھیکیداری بھی کر رہے ہیں اور واٹر بورڈ جیسے منافع بخش ادارے کو ماہانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔

ان کا فوری اور سخت احتساب کیا جائے ۔یہ باتیں انہوں نے گزشتہ پارٹی سیکریٹیریٹ انصاف ہائوس نرسری میں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ لیبر فرنٹ یونین کے وفد سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لیبر فرنٹ یونین کے صدر سید رشید ٬ جنرل سیکریٹری عبد القیوم خان٬ نائب صدر طارق جاوید٬ عارف بھٹی ٬ ایوب سردار ٬ ذولفقار آغا٬ بختیار جونیجو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ایم پی اے خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ محنت کشوں کے بے تحاشہ مسائل ہیں جس میں فنانس ڈیپارٹمنٹ اور ڈائریکٹر فنانس کی نا اہلی اور کرپشن ٬ انتقال کرجانے والے محنت کشوں کے سن کوٹہ بمع ایڈہاک ملازمین کی فوری بحالی اور جن محنت کشوں کی سروس 25سال سے زائد ہو گئی ہے ان کے بچوں کوفوری بھرتی کیا جائے اور محنت کشوں کے ساتھ جاری استحصال فوری بند کیا جائے ۔ ایم پی اے خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ واٹر بورڈ انتظامیہ اور انکے افسران کے مزدوروں کے ساتھ ظالمانہ رویے کے خلاف 10نومبر کو دن 11بجے واٹر بورڈ ایم ڈی آفس کارساز پر لیبر فرنٹ یونین کے احتجاجی مظاہرے میں ضرور شرکت کروںگا۔