وزیراعظم محمد نواز شریف کا پانامہ پیپرز سے کوئی تعلق نہیں اورنہ ہی ان کا نام پانامہ پیپرز میں کہیں موجود ہے

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محسن شاہنواز رانجھا کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

پیر 7 نومبر 2016 23:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) اطلاعات و نشریات کے پارلیمانی سیکرٹری محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا پانامہ پیپرز سے کوئی تعلق نہیں اورنہ ہی ان کا نام پانامہ پیپرز میں کہیں موجود ہے٬ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے وزیراعظم محمد نواز شریف پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا رہی ہے حالنکہ ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے٬ پارلیمان سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پانامہ پیپرز کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کے بارے میں پی ٹی آئی کے وکلاء سپریم کورٹ میں کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکے ہیں٬ ایپیکس کورٹ نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے وکیل حامد خان کو کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے ثبوت عدالت میں پیش کریں لیکن وہ اس حوالے سے کوئی بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان کے پاس پانامہ پیپرز کے متعلق کوئی ثبوت موجود ہی نہیں۔