ٹرمپ کی جیت،نیوزی لینڈ امیگریشن سائٹ پر ٹریفک میں 2500 فیصد اضافہ

عام دنوں میں ویب سائٹ پر 2300 لوگ آتے ہیں مگرگزشتہ 24گھنٹے میں 56ہزارافرادنے ویزٹ کیا،حکام

جمعرات 10 نومبر 2016 13:09

ٹرمپ کی جیت،نیوزی لینڈ امیگریشن سائٹ پر ٹریفک میں 2500 فیصد اضافہ

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2016ء) امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے منتخب ہونے کے بعد سے نیوزی لینڈ کے حکام نے کہاہے کہ نیوزی لینڈ امیگریشن ویب سائٹ پر ٹریفک میں بے انتہا اضافہ ہوا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امیگریشن نیوزی لینڈ کا کہنا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار سے زائد لوگ آئے جو کہ معمول کے مقابلے میں 2500 فیصد زیادہ ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ عام دنوں میں ان کی ویب سائٹ پر 2300 لوگ آتے ہیں۔نیوزی لینڈ کی ایک اور ویب سائٹ 'نیوزی لینڈ ناؤ' پر بھی ٹریفک میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ اس ویب سائٹ پر نیوزی لینڈ میں رہنے، پڑھنے اور ملک میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے معلومات ہیں۔حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 'نیوزی لینڈ ناؤ' کی ویب سائٹ پر امریکہ سے 70 ہزار پانچ سو افراد آئے جبکہ عام دنوں میں یہ ٹریفک تقریباً 1500 کے لگ بھگ ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ صدارتی انتخاب کے نتائج کے وقت کینیڈا کی امیگریشن کی ویب سائٹ پر اتنی ٹریفک بڑھی کہ ویب سائٹ ہی بیٹھ گئی۔کینیڈا کی سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروس (سی آئی سی) کے حکام سے فوری طور پر اس پر موقف حاصل نہیں کیا جاسکا۔تاہم کچھ ماہرین کا کہناتھا اس کی وجوہات کچھ اور ہوسکتی ہیں۔یونیورسٹی آف سرے کے پروفیسر ایلن ووڈ نے کہاکہ یہ محض ایک غیرمعمولی اتفاق ہوسکتا ہے۔تاہم اس سے قطع نظر سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بہت زیادہ بیان بازی کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :