آرمی چیف نے سوات میں فوجی چھاؤنی اورآرمی پبلک سکول کاسنگ بنیادرکھ دیا

فوجی چھاؤنی کے قیام سے سوات میں ترقی کانیادورشروع ہوگا،سوات میں امن فوج اوریہاں کے عوام کی قربانیوں کی بدولت قائم ہوا۔جنرل راحیل شریف کاخطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 نومبر 2016 15:04

آرمی چیف نے سوات میں فوجی چھاؤنی اورآرمی پبلک سکول کاسنگ بنیادرکھ دیا

راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11نومبر2016ء) :چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے سوات میں فوجی چھاؤنی اور آرمی پبلک سکول کا سنگ بنیادرکھ دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آج سوات کا دورہ کیا جہاں پرآرمی چیف نے فوجی چھاؤنی اور آرمی پبلک سکول کا سنگ بنیادرکھا۔جنرل راحیل شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوجی چھاؤنی کے قیام سے سوات میں ترقی کا نیادورشروع ہوگا۔

چھاؤنی کے قیام سے لوگوں کو صحت وتعلیم اورروزگارکے مواقع میسرہونگے۔انہوں نے کہا کہ چھاؤنی کے قیام سے علاقے میں خوشحالی آئیگی۔آرمی چیف نے کہا کہ سوات میں امن فوج اوریہاں کے عوام کی قربانیوں کی بدولت قائم ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے جمعہ کو سوات کے علاقوں مینگورہ ،کانجو اور خوازہ خیلہ کا دورہ کیا،دورے کے دوران جنرل راحیل شریف نے وزیراعلی اور گورنر خیبر پختونخوا کے ہمراہ سوات کنٹونمنٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔

(جاری ہے)

خطے میں پائیدار امن کیلئے مقامی لوگوں کے مطالبہ پر8ستمبر 2015ء کو سوات کنٹونمنٹ کی منظوری دی گئی تھی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوات کے عوام کو دہشت گردوں کو وادی سے ہمیشہ کیلئے نکال باہر کرنے کیلئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہونے پر خراج تحسین پیش کیا ۔ سوات کے عوام کو اس تاریخی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سیکورٹی فورسز سوات میں پائیدار امن کے قیام اور وادی کی سیکیورٹی کیلئے اپنا ٹھوس کردار ادا کرتی رہیں گی۔

انہوں نے کہاکہ سوات میں کنٹونمنٹ کا قیام دہشت گردوں کی روک تھام ،قانون نافذ کرنیوالے تمام اداروں کا اعتماد بڑھانے کے ساتھ علاقے میں پائیدارامن کیلئے ہر قسم کے خطرات سے نمٹے میں مددگار ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سوات کنٹونمنٹ سماجی اقتصادی ترقی میں بھی مدد گار ثابت ہوگا ۔آرمی چیف نے کہا کہ فاٹا اور مالا کنڈ کی ترقی ہماری ترجیح ہے جسے ایک حکمت عملی کے تحت عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز والے علاقوں میں اب تک سماجی شعبے میں 700بڑے اور چھوٹے منصوبے شروع کئے ہیں جن کا مقصد مقامی لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانا اور عسکریت پسند کے مسئلے کو طویل مدتی بنیادوں پر حل کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران عارضی طور پر نقل مقامی کرنے والوں کی واپسی اور بحالی کے لئے خدمات کا اعتراف کر تی ہے۔

آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف مقامی لوگوں کی مسلسل حمایت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی حمایت اور قربانیاں ہماری کامیابی میں اہمیت کی حامل ہے ۔گورنر و وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور مقامی عمائدین نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سوات کنٹونمنٹ کے قیام پر شکریہ ادا کیا ۔جنرل راحیل شریف نے حال ہی میں مکمل ہونیوالے شیخ خلیفہ بن زید ماڈل ہسپتال سوات کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو سراہا ۔

انہوں نے مقامی لوگوں ‘ہسپتال کے عملہ کے ہمراہ یو اے ای اور اسکی قیادت کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے ان علاقوں میں سماجی و اقتصادی ترقی ہوئی ہے ۔یو اے ای کے سفیر عیسی عبداللہ الباشاالنوئمی ،ڈائریکٹر یو پی اے پی عبد اللہ الغفیلی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔جنرل راحیل شریف نے سوات میں زیر تعمیر آرمی پبلک سکول کا بھی دورہ کیا ۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان ‘جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور نے انکااستقبال کیا۔

آرمی چیف نے سوات میں فوجی چھاؤنی اورآرمی پبلک سکول کاسنگ بنیادرکھ دیا