اسلام آباد کے سیکٹرز جی سیون، ایف سیون ، ایف سکس اور ریڈ زون سمیت متعدد سیکٹرز میں پانی کی شدید قلت

شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا ، متعلقہ حکام سے پانی کی فراہمی کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ

جمعہ 11 نومبر 2016 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) اسلام آباد کے سیکٹرز جی سیون، ایف سیون ، ایف سکس اور ریڈ زون سمیت متعدد سیکٹرز میں شہریوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جس سے روز مرہ کے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں جب کہ شہریوں کا حکومت کی جانب سے پانی کی فراہمی کے لئے اقدامات نہ کیے جانے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نظام کے قیام کے باوجود شہری پینے کے پانی کے لئے ترس رہے ہیں ۔ جب کہ منتخب نمائندوں نے ووٹ لینے کے وقت پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے دعوے کیے تھے مگر اب تو صورتحال یہ ہے کہ پہلے سے موجود واٹر سپلائی کی جانب لائنیں بھی ناکارہ ہو گئیں ہیں ۔ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے روز مرہ کے کام کاج کرنے میں بھی شدید مشکلات پیش آرہی ہیں ۔

(جاری ہے)

مگر سی ڈی اے پانی کے مسئلے کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ۔ سیکٹر جی سیون کے رہائشیوں کا کہنا ہے جہاں پانی کی سپلائی جاری ہے وہاں پانی کے آنے کا کوئی وقت مقرر نہیں ہے ۔ کبھی صبح سویرے توکبھی شام کو ، کبھی دن کو اور تو کبھی آدھی رات کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے جس سے شہری شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔ پوری رات جاگ کر پانی کا انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی فراہمی یقینی بنائے ۔ …(م د +ع ا)

متعلقہ عنوان :