افتخار محمد چوہدری کی شاہ نورانیؒ کے مزار پر دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت

واقعہ سیکورٹی ایجنسیوں کی ناکامی ہے کہ وہ پاکستان کے عوام اور املاک کی حفاظت نہیں کر سکے ،متعلقہ ادارے اس سانحے کی عملی تحقیقات کریں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے، سابق چیف جسٹس

ہفتہ 12 نومبر 2016 23:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری / صدر پاکستان جسٹس و ڈیموکریٹک پارٹی نے ضلع لسبیلہ میں واقع شاہ نورانیؒ کے مزار پر دہشتگردی کے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے جس میں45 زائرین نے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے زیاع پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ واقعہ سیکورٹی ایجنسیوں کی ناکامی ہے کہ وہ پاکستان کے عوام اور املاک کی حفاظت نہیں کر سکے ۔

(جاری ہے)

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے متعلقہ اداروں سے اس سانحے کی عملی تحقیقات اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔صدر پاکستان جسٹس و ڈیموکریٹک پارٹی نے شہیدوں کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ورثا کی مالی و معاشی حفاظت کے لیے موثر اقدامات اُٹھائے جائیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ صوبائی حکومت زخمیوں کے علاج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔