وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے درگاہ شاہ نورانی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ ، زخمیوں کے لیے 5 پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان

اتوار 13 نومبر 2016 22:20

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے درگاہ شاہ نورانی بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 10 دس لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 5 پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے لواحقین کو یقین دلایا ہے کہ دھماکے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، اتوار کے روز سول ہسپتال میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی اور زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ جامع حفاظتی اقدامات تک درگاہ شاہ نورانی کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ کمشنر قلات ڈویژن کو درگاہ کے موثر حفاظتی اقدامات کے لیے پلان بنانے کی ہدایت کی ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر میں موجود درگاہوں اور مزاروں کی بھرپور سیکورٹی کے لیے متعلقہ انتظامیہ اور پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں، تاکہ دہشت گردی کے ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو سکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کی خاتمہ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاہم بزدل دہشت گرد کمزور اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں نہیں چاہتیں کہ بلوچستان میں امن قائم ہو اور ترقیاتی عمل کے ثمرات غریب عوام تک پہنچ سکیں، سی پیک کے افتتاح کے موقع پر دہشت گردی کی یہ کاروائی انہی ملک دشمن عناصر کے مزموم عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے ، وزیراعلیٰ نے اپنے دورہ کے موقع پر زخمیوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔