موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا ہوگی ،قوم کو تعلیم یافتہ بنائے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے، پروفیسر ڈاکٹر عبد اللہ خان

اتوار 13 نومبر 2016 22:20

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) جامعہ لورالائی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد اللہ خان نے کہاکہ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا ہوگی، قوم کو تعلیم یافتہ بنائے بغیر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل نہیں ہوسکتے ۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ لورالائی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد اللہ خان نے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں سماجی رہنماء حاجی عیسیٰ خان ، امان اللہ خان، عنایت خان ، عبد الجبار اور دیگر شامل تھے ۔ وفد نے یونیورسٹی سائٹ پر جاری کام کے معیاری ہونے پر وائس چانسلر کو خراج تحسین پیش کی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی کا دارومدار اعلیٰ تعلیم میں پوشیدہ ہے۔

(جاری ہے)

دنیا کے تمام ممالک اعلیٰ تعلیم ہی کے ذریعے آج ترقی کے منازل طے کر رہے ہیں۔

ہمیں ترقی کے اس دور میں شامل ہونے کے لیے اپنی نئی نسل کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا تاکہ ہماری قوم دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کسی سے پیچھے نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور ہمارے صوبے میں اعلیٰ تعلیمی ادارے اور اچھے اساتذہ کی کوئی کمی نہیں۔ لہذا ہمیں ان سے مستفید ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سائٹ پر کام تیزی سے جاری ہے اور کام کے معیار کو ہر حوالے سے بہتر بنانے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان جامعہ لورالائی کے تعمیر و ترقی میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں ۔

یونیورسٹی کی تکمیل سے نہ صرف ژوب ڈویژن بلکہ دیگر ڈویژنوں کے طلباء و طالبات بھی مستفید ہو سکیں گے کیوں کہ لورالائی یونیورسٹی کا شمار ملک کے جدید جامعات میں ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :