کیویز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھاکر ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرونگا،محمد عامر

پیر 14 نومبر 2016 11:05

کیویز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھاکر ٹیم کی فتوحات میں ..

کرائسٹ چرچ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عامر نے کہا ہے کہ وہ کیویز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہیں اور کیویز کے خلاف میدان میں اترنے کو بے تاب ہیں۔

مایہ ناز فاسٹ بائولر نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف انکی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کیلئے ٹیم کو سر توڑ محنت کرنا ہوگی اور کھیل کے ہر شعبوں میں کارکردگی دکھانا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی قابل ستائش ہے، موجودہ کمبی نیشن کے ساتھ ٹیم مشکل سے مشکل ہدف اور دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطلوبہ ہدف کیلئے کھلاڑیوں کو میں عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ انکی کوشش ہوگی کے وہ میچ کے دوران عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرائیں۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 25 سے 29 نومبر تک سیڈن پارک، ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔