چین کا گوادر کے راستے تجارتی سفر شروع ہو گیا

وزیراعظم محمد نواز شریف کے ملکی ترقی کے وژن پر تیزی سے کام جاری ہے،رانا محمد افضل

پیر 14 نومبر 2016 11:05

چین کا گوادر کے راستے تجارتی سفر شروع ہو گیا

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) پارلیمانی سیکریٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے ملکی ترقی کے ویژن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کے مغربی علاقوں میں شاہراہوں کی تعمیر کا کام جاری ہے اور قراقرم ہائی وے کے راستے چین سے 2 سو کنٹینروں کا قافلہ گوادر کے راستے خیریت سے روانہ ہو گیا ہے آئندہ ایک روز میں تیسرا جہاز بھی روانہ ہو جائے گا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ چین کا گوادر کے راستے تجارتی سفر شروع ہو گیا ہے اور اس کے ساتھ ملکی ترقی کا سفر بھی شروع ہو گیا ہے ۔

رانا افضل نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے برسر اقتدار آتے ہی ان کا ویژن تھا کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جانا ہے اور اس ویژن پر کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ان منصوبوں میں پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبہ ایسا منصوبہ ہے جس پر عالمی برادری بھی حیران تھی کہ یہ کیسے ممکن ہو گا ۔ انھوں نے کہا کہ پڑوسی ملک عرصہ دراز سے بجلی کے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے اور آج تک اپنی ضرورت کی بجلی بھی پیدا نہیں کر سکا اور اس کے مقابلے میں پاکسان کے توانائی کے منصوبوں سے بجلی کی پیداوار شروع ہو چکی ہے اور صنعتوں کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے اور جہاں گھریلو سطح پر 12 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ تھی کم ہوکر 4 گھنٹے رہ گئی ہے اور 2018 تک ہم توانائی میں مکمل طور پر خود کفیل ہوجائیں گے۔

پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ پاکستان کا صوبوں سمیت سالانہ بجٹ 6 سی 8 ارب روپے ہوتا ہے اور اس بجٹ سے جوترقی 6 سالوں میں ممکن ہوتی ہے وہ چین کی سرمایہ کاری سے ایک برس کے دوران ہوتی نظر آرہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چین کبھی بھی ایسے حکمرانوں کے ساتھ معاہدے نہیں کرتا جہاں سرمایہ کاری محفوظ نہیں اور یہ اعتبار انھوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف پر کیا کیونکہ انہیں یقین تھا کہ وزیر اعظم پاکستان جو وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :