گیارہواں مینز جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 8 سے 18 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا

پیر 14 نومبر 2016 12:34

گیارہواں مینز جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 8 سے 18 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) گیارہواں مینز جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 8 سے 18 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا ایونٹ میں جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی ،ْ پاکستانی ٹیم 9 دسمبر کو ہالینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق 11 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16 ممالک کی ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی ،ْان ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں ارجنٹائن، آسٹریلیا، آسٹریا اور کوریا، گروپ بی میں پاکستان، ہالینڈ، بلجیم اور مصر، گروپ سی میں دفاعی چمپئن جرمنی، جاپان، نیوزی لینڈ اور سپین ،ْ گروپ ڈی میں کینیڈا، انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقہ شامل ہیں، پاکستانی ٹیم 9 دسمبر کو ابتدائی میچ میں ہالینڈ کے مدمقابل ہوگی، گرین شرٹس دوسرا میچ 11 دسمبر کو مصر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 12 دسمبر کو بلجیم کے خلاف کھیلے گی۔

12 دسمبر تک گروپ میچز کھیلے جائیں گے، 13 دسمبر کو آرام کا دن ہو گا جس کے بعد 14 دسمبر سے کلاسیفکیشن میچز شروع ہوں گے، میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز 16 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :