ٹرمپ کا 30 لاکھ مہاجرین کو ملک بدر کرنے کا اعلان

صدراتی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی 30 لاکھ مہاجرین کو ملک بدر کردیں گے یا قید کرلیا جائیگا ،ْٹرمپ

پیر 14 نومبر 2016 13:16

ٹرمپ کا 30 لاکھ مہاجرین کو ملک بدر کرنے کا اعلان
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی مہاجرین کو امریکا سے نکل جانے پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صدراتی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی وہ 30 لاکھ مہاجرین کو ملک بدر کردیں گے یا انھیں قید کرلیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹی وی چینل سی بی ایس کے پروگرام 60 منٹس میں اعلان کیا کہ یا وہ ان مہاجرین کو ملک سے نکال دیں گے یا انھیں قید کرلیا جائے گا۔

نو منتخب امریکی صدر نے کہا کہ ہم کیا کرنے جارہے ہیں کہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی جو مجرم ہیں اور ان کے جرائم کا ریکارڈ موجود ہے، گینگ کے افراد، منشیات فروخت کرنے والے، یہ تقریبا 20 لاکھ ہیں اور شاید 30 لاکھ بھی ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل مسلمانوں کے خلاف تعصب اور ان کو ملک سے نکالنے کے بیانات پر کئی مرتبہ تنقید کی زد میں آچکے ہیں اور یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ انھوں نے اس قسم کے موقف کا اظہار کیا وہ اس قبل بھی مہاجرین کو ملک سے نکالنے کے حوالے سے اپنے بیانات کی وجہ سے میڈیا کی شہ سرخیوں کا حصہ بنتے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 9 نومبر 2016 کو امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست اور ہیلری کلنٹن کی کامیابی سے متعلق تمام تبصرے، تجزیے اور سروے نتائج غلط ثابت ہوئے تھے اور ری پبلکن پارٹی کے رہنما ڈونلڈ ٹرمپ ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن کو اپ سیٹ شکست دے کر 4 سال کے لیے امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :