ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے دو اہم عہدوں پر ریبس اور بینن کا تقرر

وائٹ ہائوس چیف آف اسٹاف کیلئے رینس پرائبس، چیف اسٹریٹجسٹ اور مشیر خاص کیلئے اسٹیو بینن مقرر

پیر 14 نومبر 2016 13:38

ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے دو اہم عہدوں پر ریبس اور بینن کا تقرر
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2016ء) امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی آنے والی ٹیم میں رپبلکن پارٹی کے ایک اعلی عہدیدار اور ایک کنزرویٹو میڈیا گروپ کے سربراہ کو اہم ذمہ داریاں سونپ دیں،رپبلکن نیشنل کمیٹی (آر این سی) کے چیئرمین رائنس پریبس ان کے چیف آف سٹاف ہوں گے،چیف آف سٹاف کی حیثیت سے پریبس وائٹ ہائو س کا ایجنڈا طے کریں گے اور کانگریس اور حکومت کے درمیان رابطہ کار کے فرائض سرانجام دیں گے۔

جبکہ قدامت پسند بریٹبارٹ نیوز نیٹ ورک کے سٹیفن بینن ڈونلڈ ٹرمپ کے چیف سٹریٹیجسٹ ہوں گے۔اس سے قبل مسٹر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سربراہ کی ذمہ داری نبھانے کے لیے مسٹر بینن نے عارضی طور پر بریٹبارٹ کے ایگزیکٹو چیئرمین کے عہدے سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ منگل کو ہونے والے انتخاب میں رپبلکن امیدوار نے ڈیموکریٹ امیدوار ہلیری کلنٹن کو شکست دی تھی اور اس نتیجے میں بہت سے لوگ صدمے میں ہیں جنھیں یہ امید تھی کہ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ہلیری کلنٹن جیت جائیں گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں اس بات پر بہت پرجوش ہوں کہ ہماری کامیاب ٹیم اس ملک کی سربراہی میں میرے ساتھ رہے گی۔یہ بیان ان کی انتخابی مہم کی ٹیم نے جاری کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ سٹیو اور رینسے بہت با صلاحیت رہنما ہیں جنھوں نے مل کر ہماری مہم کے دوران کام کیا اور ہمیں ایک تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔ اب ہم یہ چاہیں گے کہ امریکہ کو پھر سے عظیم بنانے کے کام میں تعاون کے لیے دونوں وائٹ ہائوس میں ہمارے ساتھ ہوں۔

خیال رہے کہ44 سالہ مسٹر پریبس نے انتخابی مہم کے دوران مسٹر ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی کے درمیان رابطے کا کام کیا۔وہ ایوان کے سپیکر پال ریان سے قریب ہیں اور وسکانسن یونیورسٹی کے ساتھی ہیں۔ وہ نئی انتظامیہ کے قانون سازی کے ایجنڈے کو آگے لے جانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ 2011 میں آر این سی کے چیئرمین منتخب ہونے سے قبل مسٹر پریبس نے پارٹی کے ترجمان اور اہم فنڈ اکٹھا کرنے والے کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اس کے علاوہ انھوں نے امیدواروں کو دوبارہ منتخب ہونے کے لیے کھڑے ہونے میں مدد بھی کی ہے۔انھوں نے کہا کہ وائٹ ہاس میں مسٹر ٹرمپ کا چیف آف سٹاف ہونا ان کے لیے 'واقعی باعث افتخار ہے۔انھوں نے کہا: 'میں نو منتخب صدر کا شکرگزار ہوں کہ انھوں اپنی اور ملک کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔ ہم مل کر نئی معیشت کے لیے کام کریں گے جو سب کے لیے ہو، اپنی سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے، اوباما کیئر کو ختم کردیں گے اور اس کی جگہ نئی سکیم لائیں گے اور انتہا پسند اسلامی دہشت گردی کو ختم کر دیں گے۔

متعلقہ عنوان :