سی پیک منصوبہ کا روٹ ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع سے ہو کر گذرے گا، مشتاق غنی

پیر 14 نومبر 2016 14:06

سی پیک منصوبہ کا روٹ ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع سے ہو کر گذرے گا، مشتاق ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ سے متعلق منفی پراپیگنڈہ کرنے والے ہزارہ میں تعمیر و ترقی کے دشمن ہیں، سی پیک منصوبہ کا روٹ ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع سے ہو کر گذرے گا، اس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، ہماری حکومت کا مطالبہ ہے کہ حسن ابدال سے آگی روٹ لاہور نہیں بلکہ ڈی آئی خان سے گوادر ہونا چاہئے اور جو سہولیات گوادر سے حسن ابدال تک سی پیک میں ہیں وہی ہزارہ کو بھی دی جائیں۔

وہ گذشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائی اور ہائر سکینڈری سکولوں کے سالانہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن خیبر پختو نخوا اسمبلی آمنہ سردار اور ڈائریکٹر تعلیم خیبر پختونخوا رفیق خٹک نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مشتاق احمد غنی نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا میگا پراجیکٹس تعلیم اور صحت ہے، انشاء الله 2018ء تک صوبہ کا کوئی بھی سکول جدید بنیادی سہولیات فرنیچر، آئی ٹی لیب، بائونڈری وال، باتھ روم اور اساتذہ کے بغیر نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں آئی ٹی کی مد میں ایک ہزار سکولوں میں 1200 سے زائد جدید آئی ٹی لیبارٹری قائم کی جا رہی ہیں، ہماری حکومت سے پہلے جو صوبہ میں سکولوں کے حالات تھے آپ اس سے بخوبی واقف ہیں، اب زمین اور آسمان کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ روز اول سے ہی ہمارے قائد عمران خان نے کہا تھا کہ صوبہ میں تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی جائے، جب تک ہم یہ کام نہیں کریں گے تو ہم ایک مضبوط قوم نہیں بنا سکتے۔

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ ایک سروے کے مطا بق35000 پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے نئے بچوں نے سرکاری سکولوں میں داخلہ لیا جو ہماری حکومت اور اساتذہ کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے، اس کے ساتھ ساتھ سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم بہتر ہونے سے صوبہ کے تمام بورڈز میں ہمارے سرکاری سکولوں کے بچوں نے پہلی 20 پوزیشنز حاصل کی، اساتذہ این ٹی ایس کے ذریعہ بھرتی ہو رہے ہیں، یہی ہمارے قائد عمران خان کا خواب تھا اور یہی ہماری حکومت کا میگا پراجیکٹ ہے، ہماری حکومت نے تمام تعلیمی اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کی جس کی بدولت آج اساتذہ اپنی ڈیوٹی صحیح طریقہ سے سرانجام دے رہے ہیں، صوبہ میں بہت سارے سکولوں کو ہماری حکومت نے اب گریڈ کیا اور اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور سٹاف کی بھی اپ گریڈیشن کی، اس سال تعلیمی بجٹ میں 65 فیصد ہماری حکومت نے اضافہ کیا اور اس سال کا ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کا بجٹ 118 ارب روپے رکھا جو اس سے قبل کسی بھی حکومت نے نہیں رکھا، اب تک ہماری حکومت نے 25 ہزاراساتذہ میرٹ اور این ٹی ایس کے ذریعہ بھرتے کئے، 15 ہزار سکو لوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کی مد میں 9 ارب روپے فراہم کئے، 400 سکولوں کا معیار تعلیم بہتر بنانے اور ٹاپ پرائیویٹ سکولوں کے برابر لانے کیلئے کام ہو رہا ہے، صوبہ میں پہلی بار پرائمری سکولوں میں6 کمرے اور 6 اساتذہ دیئے جا رہے ہیں۔

مشتاق غنی نے کہا کہ این ٹی ایس کے ذریعہ جتنے بھی اساتذہ کنٹریکٹ پر بھرتی ہوئے ان کو حکومت مستقل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ آخر میں انہوں نے مختلف کھیلوں میں کامیاب کھلاڑیو ں میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب میں تحصیل ناظم ایبٹ آباد اسحق سلیمانی، نائب ناظم سردار شجاع احمد، ڈی ای او تعلیم ایبٹ آباد قاضی تجمل، ڈی ای او مانسہرہ ارباب ظفر عباسی، ڈی ای او زنانہ ایبٹ آباد فائزہ شفیع اور دیگر مو جود تھے۔ قبل ازیں مختلف سکولوں کی طالبات نے مارچ پاسٹ اور پی ٹی شو پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :