بلاول بھٹو زرداری کا جہانگیر بدر کے انتقال پر اظہار افسوس، تین روزہ سوگ کا اعلان

پیر 14 نومبر 2016 14:14

بلاول بھٹو زرداری کا جہانگیر بدر کے انتقال پر اظہار افسوس، تین روزہ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔بلاول ہائوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے جہانگیر بدر کے انتقال پر پارٹی کی تمام مصروفیات ملتوی کرنے اور تین روز سوگ کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ مجھے جہانگیر بدر کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا ہے میں نے کبھی یہ سوچا بھی نہ تھا مجھے یہ سفر آپ کے بغیر کرنا پڑے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جہانگیر بدر ایک بہترین جیالے تھے جنہوں نے مارشل لا ء کے خلاف جنگ لڑی اور قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن اپنا سر بلند رکھا۔بلاول نے اعلان کیا کہ جہانگیر بدر کے اچانک انتقال پر پارٹی پورے ملک میں تین روزہ سوگ منائے گی۔انہوں نے مرحوم کے لواحقین اور تمام جیالوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر بدر پارٹی کے ایک نڈر رہنما اور باہمت کارکن تھے ان کی خدمات کو ہمیشہ یا د رکھا جائے گا۔