وزارت منصوبہ بندی نے مختلف منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر ایک کھرب 56 ارب روپے 52 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے

پیر 14 نومبر 2016 16:14

وزارت منصوبہ بندی نے مختلف منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر ایک کھرب 56 ارب ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) وزارت منصوبہ بندی و ترقیات نے رواں مالی سال کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر ایک کھرب 56 ارب روپے 52 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے لئے 8 کھرب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت نے پاکستان ریلویز ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے 13 ارب 52 کروڑ، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ترقیاتی کاموں کے لئے 6 ارب 33 کروڑ روپے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لئے 19 ارب، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لئے 4 ارب 37 کروڑ روپے، ملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے 5 ارب 50 کروڑ روپے، پانی و بجلی ڈویژن کے لئے 3 ارب 84 کروڑ روپے، ہائوسنگ و ورکس ڈویژن کے لئے ایک ارب 90 کروڑ، داخلہ ڈویژن کے لئے 2 ارب 65 کروڑ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن ایک خاص طریقہ کار کے تحت سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کے لئے فنڈز جاری کر رہا ہے۔