پیمرا نے پاکستانی ڈی ٹی ایچ کے لائسنسوں کے اجراء کیلئے 12 کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کردیا، نیلامی 23 نومبر کو ہوگی

پیر 14 نومبر 2016 17:55

پیمرا نے پاکستانی ڈی ٹی ایچ کے لائسنسوں کے اجراء کیلئے 12 کمپنیوں کو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پاکستانی ڈی ٹی ایچ کے لائسنسوں کے اجراء کیلئے 12 کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے جس کی نیلامی 23 نومبر کو ہو گی۔ پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم نے پیر کو یہاں اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا کو 12 شارٹ لسٹ کمپنیوں کے بارے میں آگاہ کیا جن میں میسرز اورینٹ الیکٹرانکس (پرائیویٹ) لمٹیڈ لاہور، میسرز میگا انٹرٹینمنٹ (پرائیویٹ) لمٹیڈ لاہور، میسرز سکائی فلیکس (پرائیویٹ) لمٹیڈ اسلام آباد، میسرز سٹار ٹائمز کمیونیکیشنز (پرائیویٹ) لمٹیڈ اسلام آباد، میسرز سردار بلڈرز (پرائیویٹ) لمٹیڈ اسلام آباد، میسرزسمارٹ سکائی (پرائیویٹ) لمٹیڈ اسلام آباد، میسرز پارس میڈیا اینڈ براڈکاسٹ (پرائیویٹ) لمٹیڈ اسلام آباد، میسرزنیاٹیل (پرائیویٹ) لمٹیڈ اسلام آباد، میسرز ماسترو میڈیا ڈسٹریبیوشن (پرائیویٹ) لمٹیڈ اسلام آباد، میسرز شہزاد سکائی (پرائیویٹ) لمٹیڈ اسلام آباد، میسرز ایچ بی ڈی ٹی ایچ (پرائیویٹ) لمٹیڈ اسلام آباد اورمیسرز آئی کیو کمیونیکیشن (پرائیویٹ) لمٹیڈ کراچی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین ابصار عالم نے کہا کہ پاکستان ڈی ٹی ایچ کے تین لائسنسوں کی نیلامی شفاف انداز میں 23 نومبر کو ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈی ٹی ایچ کے خلاف کارروائی اس کے مکمل خاتمہ تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب بھارت سرحدوں پر گولہ باری کر رہا ہے اور بھارتی گولہ باری سے سات پاکستانی جوان شہید ہوئے اور کسی لابی کی طرف سے پاکستانی چینلز پر بھارتی ڈراموں اور بھارتی مواد پر عائد پابندی ختم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے تاہم ایسی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پیمرا اتھارٹی نے نیشنل پریس کلب کو ایک ایف ایم لائسنس جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا ہائوسز میں غیر قانونی برطرفیوں کے متعلق انہوں نے کہا کہ پیمرا قانون کے مطابق کارروائی کرے گا۔ ایک متاثرہ کارکن کی جانب سے شکایت درج کئے جانے کے بعد پیمرا نے متعلقہ سیٹلائٹ ٹی وی چینل کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور اس سلسلہ میں فیصلہ چینل کی جانب سے جواب آنے کے بعد دیا جائے گا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز کی اکثریت پیمرا کے ساتھ تعاون کر رہی ہے جن کے جائز مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض کیبل آپریٹرز ٹی وی چینلز پر بھارتی مواد پر پابندی ختم کرنے کیلئے مظاہرہ کر رہے ہیں جو قوم کی امنگوں کے خلاف ہے، ایسے وقت میں جب بھارتی افواج ہماری سرزمین پر گولہ باری کر رہی ہے اور معصوم شہریوں کو شہید کر رہی ہے بھارتی ڈی ٹی ایچ کو فروغ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے بھارتی ڈی ٹی ایچ کے خلاف پیمرا کی کارروائی کو سراہا ہے۔ پیمرا کے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان، چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ، شاہین حبیب اللہ (ممبر خیبر پختونخوا) اور نرگس ناصر ( ممبر پنجاب) نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :