سرتاج عزیز کی بھمبر کے علاقہ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ کی سخت مذمت

بھارت کی جانب سے ایسے اقدام امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں ،ْ مبصر گرو پ ایل او سی پر سیز فائر کی سنگین خلاف ورزی اور دونوں ملکوں کے درمیان غیر ضروری کشیدگی کے بارے میں رپورٹ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو جلد بھجوائے ،ْ بیان

پیر 14 نومبر 2016 21:11

سرتاج عزیز کی بھمبر کے علاقہ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے بھمبر کے علاقہ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کی جانب سے ایسے اقدام امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں ،ْ مبصر گرو پ ایل او سی پر سیز فائر کی سنگین خلاف ورزی اور دونوں ملکوں کے درمیان غیر ضروری کشیدگی کے بارے میں رپورٹ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو جلد بھجوائے پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سرتاج عزیز نے بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے بڑھتے ہوئے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے دانستہ طور پر شہریوں آبادیوں اور دیہاتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اب تک اس فائرنگ سے 26 سویلین جاںبحق جبکہ 107 زخمی ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے 2013ء کے سیز فائر معاہدہ کی مکمل خلاف ورزی جاری ہے جو عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسے اقدام امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی اشتعال انگیزی کے مقابلہ میں انتہائی تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان پر زور دیاہے کہ وہ ایل او سی پر سیز فائر کی اس سنگین خلاف ورزی اور دونوں ملکوں کے درمیان غیر ضروری کشیدگی کے بارے میں رپورٹ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو جلد بھجوائے۔