ْ پی ٹی آئی وفد کی ترک سفیر سے ملاقات، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ سے آگاہ کیا

ترک سفیر دونوں ملکوں کے تعلقات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں ،ْ جذبات کے حوالے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کروں گا ،ْ شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 14 نومبر 2016 21:16

ْ پی ٹی آئی وفد کی ترک سفیر سے ملاقات، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت تحریک انصاف کے وفد نے ترک سفیر سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کی وجوہات کے حوالے سے آگاہ کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ملنے والے پی ٹی آئی کے وفد نے ترک سفیر سے ملاقات میں ترک صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت کی ،ْ پی ٹی آئی کے وفد کی ترک صدر سے ملاقات کی بھی درخواست کی۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے ترک سفیر سے کہا کہ ترکی پاکستان کا قریبی ترین دوست ہے تاہم اصولی موقف کے باعث پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ترک سفیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران ترک سفیر کو اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے کہا کہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں، ترک سفیر دونوں ملکوں کے تعلقات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اس لیے ان کے جذبات کے حوالے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کروں گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان 16 نومبر کو 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے ۔ اپنے دورے کے دوران وہ پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرنے کے علاوہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔