وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت، رفتار اور معیار کا منہ بولتا ثبوت ہیں‘شہبازشریف ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا، شفاف پالیسی کا اعتراف بین الاقوامی ادارے بھی کر رہے ہیں

پیر 14 نومبر 2016 22:01

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی جلد تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ عوام جلداز جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں، وسائل قوم کی امانت سمجھتے ہوئے نہایت شفاف طریقے سے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں۔

وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق اور اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ہم اپنے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں اور ترقیاتی ایجنڈے کے تحت صوبہ بھر میں مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے۔ ایک ایک پائی عوام کی امانت ہے اور تمام وسائل شفاف طریقے سے عوام کی فلاح بہبود پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت، رفتار اور معیار کا منہ بولتا ثبوت ہیںاور ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی شفاف پالیسی کا اعتراف آج بین الاقوامی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور 2018 تک ان ترقیاتی منصوبو ںکی تکمیل سے عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتیں میسر آئیں گی۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کی مقررہ معیاد میں تکمیل کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے۔ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی میاں نصیر احمد، یاسین سوہل، سیکرٹری قانون، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :