بھارتی جنگی جنون کی وجہ سے بارڈر پر کشیدگی تشویشناک ہے ، معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے ‘ قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

خودکش حملے میں جاں بحق پی او ایف ملازمین کو اعلان کے باوجود فلیٹ نہ ملنے ،سیالکوٹ میں خواجہ سرائوں پر وحشیانہ تشدد کے معاملے پر بھی قرار دادیں جمع

پیر 14 نومبر 2016 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2016ء) اپوزیشن نے بھارتی جنگی جنون کے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے ، خود حملے میں ہلاک پی او ایف ملازمین کو اعلان کے باوجود فلیٹ نہ ملنے اور سیالکوٹ میں خواجہ سرائوں پر وحشیانہ تشدد کے معاملے پر تین قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیں ۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی کے سر پر جنگی جنون سوار ہے جس کی وجہ سے بارڈر پر کشیدگی تشویشناک ہے د و ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی خطر ناک ہے لہٰذا یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت فی الفور اس مسئلہ کو عالمی سطح پر اٹھائے اور معاملات پر واضع کردیا جائے کہ پاک فوج جارحیت کابھرپورجواب دینے کو تیار ہے پنجاب کا یہ ایوان اور پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ملک تیمور مسعود کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی او ایف واہ 21اگست 2008میں خود کش حملہ میں ہلاک ہونے والے 69پی ا و ایف کے ملازمین نے شہاد ت پائی اور حکومت پاکستان نے ان شہادت پانے والوں کی فیملی کیلئے تیار فلیٹس دینے کا اعلان کیا تھا جو کہ 8سال کا طویل عرصہ گز ر جانے کے باوجود ان کو مہیا نہیں کئے گئے لہذا یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ان شہادت حاصل کرنے والوں کے لواحقین کو جلد از جلد اپنے وعدے کے مطابق فلیٹ دئیے جائیں ۔

حکومت اعلان توکردیتی ہے اس پر عملدرآمد نہیں کرتی ۔جبکہ تحریک انصاف کی رکن اسمبلی شنیلہ روت کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور(این این آئی ) یہ ایوان سیالکوٹ میں بے گناہ خواجہ سرائو پر بدمعاشوں کی طر ف سے وحشیانہ تشدد کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس واقعے کے تمام ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے سخت سے سخت کارروائی کی جائے تاکہ اس طرح کا ظالمانہ واقع دوبارہ رونما نہ ہو ۔