بلاول بھٹو زرداری کا صوفی بزرگ شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر پیغام

پیر 14 نومبر 2016 22:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عالمی امن، ہم آہنگی اور برداشت کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے میں پھیلایا جائے تاکہ دنیا کا ہر شہری سندھ کے اس عظیم بزرگ کے انسانیت اور صوفیانہ درس پر عبور حاصل کر سکے۔ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 273 ویں عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹائی سرکار کی روحانی شاعری میں موجود انسانی اخوت اور بھائی چارے والا درس عالمی امن کے لئے انتہائی اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹائی کی شاعری کو مزید علاقائی اور عالمی زبانوں میں ترجمہ کرواکر اس ادبی، روحانی اور فلسفیانہ خزانے کو پوری دنیا میں پھیلایا جائے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانی فلسفہ کی تاریخ کے روشن ستارے کے مانند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس دھرتی کے صوفیاء کرام کے درس کو آگے بڑھانے کا عمل جاری رکھے گی جنہوں نے بلا امتیاز پیار، امن، اخوت اور انسانی ہم آہنگی کا درس دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کی درگاہ پر سیکیورٹی میں اضافہ کرکے ان کے 273 ویں عرس پر بھٹ شاہ آنے والے زائرین اور عقیدت مندوں کو فول پروف سکیورٹی دی جائے۔