آرٹس کونسل کراچی کے انتخابات 18 دسمبر کو ہوں گے، ووٹ ڈالنے کے لئے تمام ممبران اپنی سالانہ فیس 20 نومبر تک جمع کرا دیں، گورننگ باڈی کا فیصلہ

پیر 14 نومبر 2016 22:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی گورننگ باڈی نے فیصلہ کیا ہے کہ کونسل کے انتخابات 18 دسمبر کو منعقد ہوں گے اور ووٹ ڈالنے کے لئے تمام ممبران کو اپنی سالانہ فیس 20 نومبر تک ادا کرنی ہو گی۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ گورننگ باڈی کے اجلاس میں کیا گیا جو کونسل کے صدر پروفیسر اعجاز احمد فاروقی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے انتخابات 18 دسمبر کو منعقد ہوں گے جس کا شیڈول آئندہ ہفتے آویزاں کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی سطح کا تین روزہ میوزک فیسٹیول 25 تا 27 نومبر کو ہو گا جس میں سینکڑوں فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ یکم دسمبر سے 4 دسمبر تک ’’نویں عالمی اردو کانفرنس‘‘ منعقد کی جائے گی جس میں دنیا بھر سے شہرت یافتہ اسکالرز، ادیب، شعراء شرکت کریں گے اور اردو کی ترقی وترویج کے حوالے سے مختلف موضوعات پر مقالے پیش کریں گے جبکہ عالمی مشاعرے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد 9 اور 10 دسمبر کو حضرت محمد ؐ کی سیرت پاک پر مبنی ’’محسن انسانیت کانفرنس‘‘ منعقد ہو گی جس میں ملک بھر سے تمام طبقہ، فقہ اور مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے معروف اسکالرز حضور اکرم ؐ کی عملی زندگی اور انسانیت کے لئے ان کے پیغام پر عالمانہ گفتگو کریں گے۔ علاوہ ازیں 9 اور 10 دسمبر کو ایک قوالی فیسٹیول بھی منعقد کیا جائے گا جس میں پاکستان بھر کے معروف قوال اپنی قوالیاں پیش کریں گے۔

اجلاس کو مطلع کیا گیا کہ گذشتہ ماہ 30 اکتوبر کو ہونے والے خصوصی جنرل باڈی اجلاس کے منٹس اور فیصلوں کی چیئرمین آرٹس کونسل اور صوبائی حکومت کے متعلقہ اداروں نے توثیق کر دی ہے اور اس کی اطلاع باقاعدہ تحریری طور پر دی گئی ہے۔ دریں اثناء صدر آرٹس کونسل پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے آرٹس کونسل کے تمام ممبران سے گذارش کی ہے کہ وہ الیکشن میں ووٹ دینے کے لئے اپنی سالانہ فیس 20 نومبر تک روزانہ صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک آرٹس کونسل میں جمع کرواسکتے ہیں۔

اجلاس میں گورننگ باڈی نے نئے کمپلیکس سمیت نئے اے سی آڈیٹوریم، کافی شاپ کی انٹریر ڈیزائینگ، میوزک فیسٹیول، عالمی اردو کانفرنس، محسن انسانیت کانفرنس اور الیکشن کے اخراجات کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں گورننگ باڈی کے ممبران نے محمد احمد شاہ کی 9 سالہ غیر معمولی کارکردگی اور سال بھر آرٹس کونسل کی رنگا رنگ تقریبات کے انعقاد، آرٹس کونسل کی تزئین و آرائش، یوتھ فیسٹیول کی شاندار کامیابی، آزادی اور تھیٹر فیسٹیول کی نئی روایت ڈالنے پر ناصرف مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :