جہانگیر بدر کے جنازے میں پیپلز پارٹی کے تین لیڈروں کی جیبیں کٹ گئیں

مراد علی شاہ اور منظور وسان موبائل فون ،خورشید شاہ پیسوں سمیت اہم دستاویزات سے محروم

پیر 14 نومبر 2016 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2016ء) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر کے جنازے میں پیپلز پارٹی کے تین لیڈروں کی جیبیں کٹ گئیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر منظور وسان جہانگیر بدر کے جنازے میں شریک تھے کہ اس دوران شاطر چوررش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مراد علی شاہ اور منظور وسان کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرکے دونوں کا موبائل فون لے اڑا جس کی تصدیق دونوں رہنمائوں کے پروٹوکول آفیسرز نے کی۔

جیب کترے نے صرف یہیں پر بس نہیں کیا بلکہ حکومت پر طنز کے تیر چلانے والے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جیب پر بلیڈ چلادیا اور اس طرح خورشید شاہ بھی پیسوں سمیت اہم دستاویزات سے محروم ہوگئے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے جلسے میں بھی بدنظمی کے دوران تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کی جیب کاٹی گئی تھی جس میں وہ بھی پیسوں اور موبائل فون سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔