سی پیک کو ناکام کرنے والے خود ناکام ہو گئے ‘ سی پیک آپریشنل ہو گیا ہے ‘ مودی حکومت انتہاء پسندی کو پروان چڑھا رہی ہے ‘ 7 لاکھ بھارتی فوج معصوم اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہی ہے، دشمن کو مستحکم پاکستان کسی صورت ہضم نہیں ہو رہا ، دہشت گرد بزدلی پر اتر آئے ہیں، آسان اہداف کو نشانہ بنا کر دہشت گرد معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں مگر دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم کسی صورت متزلزل نہیں ہو گا، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ابھی تک حل طلب ہے اور بھارتی موقف اصولوں سے واضح انحر اف ہے جو ہمیں کسی صورت قابل قبول نہیں

وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا انٹرویو

پیر 14 نومبر 2016 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2016ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ سی پیک کو ناکام کرنے والے خود ناکام ہو گئے ‘ سی پیک آپریشنل ہو گیا ہے ‘ مودی حکومت انتہاء پسندی کو پروان چڑھا رہی ہے ‘ 7 لاکھ بھارتی فوج معصوم اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہی ہے۔ دہشت گرد بزدلی پر اتر آئے ہیں۔ پیر کو سرکاری ٹی وی کو دئیے گئے اپنے انٹرویو میں طارق فاطمی نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور آپریشن ہو گیا ہے۔

سی پیک کو ناکام کرنے والے خود ناکام ہو گئے ہیں۔ پاکستان ایشیاء کا اہم تجارتی مرکز بنے گا۔ انہوں نے کشمیر سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ 7 لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہی ہے۔ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اسے بھارت اٹوٹ انگ قرار دے کر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی نفی کر رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ابھی تک حل طلب ہے اور بھارتی موقف اصولوں سے واضح انحر اف ہے جو ہمیں کسی صورت قابل قبول نہیں۔

طارق فاطمی نے کہاکہ بھارت سرکار انتہاء پسندی کو پروان چڑھا رہی ہے جو پورے خطے کے امن کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر شدید تشویش ناک ہے۔ دشمن کو مستحکم پاکستان کسی صورت ہضم نہیں ہو رہا اور دہشت گرد بزدلی پر اتر آئے ہیں۔ آسان اہداف کو نشانہ بنا کر دہشت گرد معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں مگر دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم کسی صورت متزلزل نہیں ہو گا۔

ہم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ وزیر اعظم جامع معاشی ویژن پر عمل پیرا ہیں اور معاشی ترقی سے پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم افغانستان ہمارے مفاد میں ہے کیونکہ افغانستان میں امن آئے گا تو پاکستان میں بھی امن آئے گا اور معاشی ترقی و مستحکم پاکستان کیلئے امن اشد ضروری ہے۔ …(رانا)