تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کیلئے داخلہ فیس کا شیڈول جاری کردیا

پیر 14 نومبر 2016 22:58

فیصل آباد ۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ کی ہدایت پر امتحان میٹرک کلاس نہم‘ دہم وکمپوزٹ سالانہ 2017ء کے داخلہ فارم و داخلہ فیس کا شیڈول جاری کر دیا۔ سیکرٹری بورڈ خرم قریشی کے مطابق یہ امتحان یکم مارچ 2017ء سے شروع ہوگا جس کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 15نومبر2016 ء سی14 دسمبر2016ء تک‘ دوگنا فیس کے ساتھ 23 دسمبر 2016ء جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ 30 دسمبر 2016ء تک بورڈ آفس میں جمع کروائے جا سکیں گے۔

پرائیویٹ امیدوار پہلی مرتبہ امتحان دینے کی صورت میں داخلہ فیس کے ساتھ مبلغ 900/- روپے رجسٹریشن فیس بھی جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔ امتحان میٹرک کمپوزٹ سالانہ و ضمنی سال 2013 ء تا 2016 ء میں فیل ہونے والے طلباء و طالبات کو سند کی فیس مبلغ 600/- روپے سے استثنیٰ حاصل ہو گا جبکہ مارکس امپروو کرنے والے طلباء وطالبات کو امتحانی فیس کے ساتھ سند کی فیس مبلغ 600/- روپے بھی جمع کروانے ہوں گے۔

(جاری ہے)

تمام ریگولر اور پرائیویٹ طلباء وطالبات کی سہولت کیلئے فیسوں کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے لہذا پرائیویٹ امیدوار کمپیوٹرائزڈ چالان فارم کے مطابق اور ریگولر امیدواران کے تعلیمی ادارے ریونیو لسٹ کے مطابق فیس جمع کروائیں۔ سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ سائنس گروپ میں بطور پرائیویٹ امتحان دینے والے کلاس نہم کے طلباء وطالبات کی سنگل داخلہ فیس مبلغ 1145/- روپے اور ریگولرطلباء وطالبات کی مبلغ 700/- روپے ہے کلاس دہم میں پرائیویٹ طلباء وطالبات کی سنگل فیس مبلغ 1745/- روپے اور ریگولر طلباء وطالبات کی 1695/- روپے ہے جبکہ کمپوزٹ پرائیویٹ و ریگولر طلباء وطالبات کی سنگل فیس مبلغ 2345/- روپے ہے۔

اسی طرح آرٹس گروپ میں بطور پرائیویٹ امتحان دینے والے کلاس نہم کے طلباء وطالبات کی سنگل داخلہ فیس مبلغ 1095/- روپے اور ریگولر کی650/- روپے ہے‘ کلاس دہم کے پرائیویٹ طلباء وطالبات کی داخلہ فیس مبلغ 1695/- روپے اور ریگولر طلباء وطالبات کی مبلغ1645/- روپے ہے جبکہ کمپوزٹ پرائیویٹ و ریگولر طلباء و طالبات کی سنگل فیس مبلغ 2245/- ہے۔ خرم قریشی نے مزید کہا کہ داخلہ فارم بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pkپر اًپ لوڈ ہیں جہاں سے تمام ریگولر و پرائیویٹ طلباء وطالبات اپنا داخلہ فارم بمعہ فیس بنک چالان ڈائون لوڈ کرکے 80 گرام کے A-4 سائز کاغذ پر اس کا پرنٹ نکال لیں اور پھر اسی بنک چالان پر فیس جمع کروا کے اپنا داخلہ فارم بروقت دستی یا بذریعہ ڈاک بورڈ کو ارسال کریں کیونکہ داخلہ فارم بمعہ داخلہ فیس مقررہ تاریخ تک بورڈ دفتر میں نہ پہنچنے کی صورت میں شیڈول کے اگلے مرحلہ کی فیس لاگو ہو گی جس کی تمام تر ذمہ داری ریگولر طلباء وطالبات کی صورت میں سکول انتظامیہ اور پرائیویٹ طلباء وطالبات کی صورت میں خودان پر عائد ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ طلباء وطالبات کے وسیع تر مفاد کی خاطر بذریعہ ڈاک آخری تاریخ کو رجسٹری شدہ داخلہ فارم کو سنگل فیس میں تین دن کی رعایت دی جائے گی تاخیر کی صورت میں اگلے مرحلہ کے شیڈول کی فیس لاگو ہو جائے گی۔